ْ اسحاق ڈار نے این ایف سی اجلاس جلد بلانے کی یقین دہانی کرا دی،صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید

وفاق کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کر دیا ،فاقی حکومت صوبائی مالیاتی کمیشن کے اجلاس کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرنے سے گریز کرے، ایکنک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو

بدھ 26 جولائی 2017 21:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے جس پر انہوں نے جلد از جلد این ایف سی کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی جس کی وجہ سے صوبے کی این ایف سی کی مد میں بقایا جات اور صوبائی حقوق کے حصول کے قوی امکانات موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایکنک اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد یہاں سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے وفاقی حکومت صوبائی مالیاتی کمیشن کے اجلاس کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرتی رہی ہے جس سے خیبر پختونخوا کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرخزانہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواکے تحفظات اور مطالبات جلد پورے کئے جائیں گے تاہم صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت اپنے حقوق کے حصول کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے گی تاکہ وفاقی حکومت کے ذمہ واجبات کی بروقت ادائیگی ممکن بناکر صوبے کو مزید ترقی کی راہ پر ڈال سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے اجلاس کے انعقاد تک صوبائی حکومت باقی صوبوں کیساتھ بھی مشاورت سمیت ہر سطح پر اپنے موقف کی ترویج جاری رکھے گی کیونکہ صوبہ خیبر پختونخوامزید استحصال اور زیادتی کاشکار نہیں ہو سکتا۔ان کاکہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کا بروقت انعقاد خیبر پختونخوا میں مزید ترقی کا باعث بنتا لیکن بدقسمتی سے وفاق چھوٹے صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس نکتہ نظر سے صوبائی مسائل کے حل کے لئے تمام صوبے مل کر وفاق سے اپنے حقوق کے حصول کو ممکن بنا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :