سکھر،گذشتہ آٹھ روز سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف نیو پنڈ کے علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے

علاقہ مکینوں کا برتن اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ

بدھ 26 جولائی 2017 21:09

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) گذشتہ آٹھ روز سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف نیو پنڈ کے علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے، علاقہ مکینوں کا برتن اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ، میونسپل انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی، دریائے سندھ کے کنارے پر ہونے کے باوجود پانی کی بوند بوند کو ترسایا جا رہا ہے، مظاہرین تفصیلات کے مطابق سکھر کے گنجان آبادی والے علاقے نیوپنڈ کے علاقہ مکینوں نے گذشتہ آٹھ روز سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین میں مرد و بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی، مظاہرین نے برتن بجا کر میونسپل انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے کنارے پر قائم ہونے کے باوجود ان کے علاقے میں گذشتہ آٹھ روز سے پانی کی فراہمی بند ہے جس کے باعث گرمی کہ اس موسم میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بعض علاقے ایسے بھی ہیں جہاں ایک ماہ سے پانی کی سپلائی نہیں دی جا رہی ہے، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں،ایک ایک ہفتے بعد فائر برگیڈ کی گاڑی کے ذریعے جو پانی سپلائی کیا جا رہا ہے وہ گرد آلود ہے جو کھانے میں استعمال کرنے کہ تو کیا نہانے کے قابل بھی نہیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعدد بار مئیر اور ڈپٹی میئر سمیت دیگر میونسپل افسران کو شکایات درج کرا چکے ہیں لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں ہے، انہوں نے متعلقہ ادارے سمیت اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ نیو پنڈ کے علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

#

متعلقہ عنوان :