فیصل آباد ، ملک بھر میں وطن عزیز کا 70واں یوم آزادی بھرپور ملی جوش وجذبے اورشایان شان طریقے سے منایا جائے گا

اس سلسلے میں ہفتہ آزادی کی تقریبات 7اگست سے 14اگست تک جاری رہیں گی

بدھ 26 جولائی 2017 20:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) وقافی حکومت کی ہدایات فیصل آباد سمیت ملک بھر میں وطن عزیز کا 70واں یوم آزادی بھرپور ملی جوش وجذبے اورشایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔اس سلسلے میں ہفتہ آزادی کی تقریبات 7،اگست سے 14اگست تک جاری رہیں گی جس کے دوران مختلف تعلیمی اداروں،سماجی وکاروباری تنظیموں کے زیراہتمام آزادی کی نعمت کے موضوع پر سیمینارز،کانفرنسز،لیکچرز،مباحثے،تقاریر،قرآت،نعت خوانی،ملی نغمے،مشاعرے،ٹیبلواوردیگر پروگرامزمنعقد ہونگے۔

علاوہ ازیں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کاانعقاد،شجرکاری مہم،کتابوں کی نمائش اور شہروں،قصبوں اورگائوں کی سطح پر صفائی مہم بھی ہفتہ آزادی کی تقریبات کا حصہ ہونگی ، فیصل آباد آرٹ کونسل کی طرف سے آزادی کے موضوع پر سٹیج ڈرامہ تحریک آزادی کے ہیروزکی تصاویری نمائش،ملی نغموں کے مقابلوں کااہتمام بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈویژن بھر میں اہم شاہرات،چوکوں اور نمایاں مقامات پرآزادی کی اہمیت کے بارے میں بینرزوسٹیمرزآویزاں کئے جائیں گے۔

ہفتہ آزادی کے دوران تحریک آزادی کے ہیروزاورشہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی جائیں گی۔تعلیمی ادارے نئی نسل کو قیام پاکستان کی جدوجہد کے مختلف مراحل،آزادی کی قدروقیمت اورتحریک پاکستان کے ہیروزکے کارناموں سے روشناس کرنے کے لئے مختلف پروگرامزمنعقد کریں گے اوریہ تقریبات 14اگست یوم آزادی تک اپنے عروج کو پہنچ جائیں گے اور یوم آزادی کے روز ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹرزپر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہونگی۔