دھون ، پجارا کی سنچریاں، سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن مستحکم

بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنا لیے، دھون190 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ،پچارا 144 ،راہانے 39رنز کے ساتھ کریز پر موجود ، سری لنکا کی جانب سے تینوں وکٹیں نوان پرادیپ نے حاصل کیں

بدھ 26 جولائی 2017 20:36

دھون ، پجارا کی سنچریاں، سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن ..
گال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) شیکھر دھاون اور چتیشور پجارا کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنا لیے ہیں۔گال میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نوان پرادیپ نے بھینو مکنڈ کو 27 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹا کر اپنی ٹیم کو ابتدا میں ہی کامیابی دلا دی لیکن اس کے ساتھ ہی سری لنکن باؤلرز کے بڑے امتحان کا آغاز ہوا۔

شیکھر دھاون کا ساتھ نبھانے شتیشور پجارا اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام سری لنکن باؤلر کی خوب خبر لی۔اس دوران دھون نے خصوصاً جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 168 گیندوں پر 31 چوکوں کی مدد سے 190 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 153 رنز کی شاندار شراکت بھی قائم کی۔

(جاری ہے)

بالا آخر 280 کے مجموعے پر پرادیپ نے اینجلو میتھیوز کی مدد سے اس بہترین اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ اسکور میں چھ رنز کے اضافے میزبان ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب کوہلی بھی صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر امید تھی کہ شاید سری لنکن ٹیم میچ میں واپسی کر سکے لیکن چتیشور پجارا نے راہانے کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے تھے، پجارا 12 چوکوں کی مدد سے 144 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ راہانے نے 39 رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے تینوں وکٹیں نوان پرادیپ نے حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :