فیصل آباد،مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے مسائل حل کیلئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا،حافظ محمد امجد

مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی کیخلاف اوآئیسی کا فوری اجلاس بلایا جائے،پاکستان علماء کونسل

بدھ 26 جولائی 2017 20:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) امت مسلمہ کے مسائل کا اتحاد میں ہے۔ مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے مسائل حل کیلئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی کیخلاف او،آئی،سی کا فوری اجلاس بلایا جائے۔ شام،عراق،فلسطین،کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی دنیا کو مجرمانہ خاموشی ترک کرنا ہوگی۔

لاہور بم دھماکہ ملک دشمن قوتوں کی کارروائی ہے۔پاکستان علماء کونسل دہشت گردی،انتہاپسندی کیخلاف حکومت ،پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر 28جولائی کو دہشت گردی ،انتہاپسندی کیخلاف جمعہ کے خطبات دئیے جائیں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل فیصل آباد کے زیر اہتمام’’تحفظ نظریہ پاکستان ‘‘ کے موضوع پر عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے علماء کونسل پنجاب کے صدر حافظ محمد امجد، ڈویژنل سرپرست مولانا محمد نواس،قاری عصمت اللہ ،مولانا عابد فاروقی،ضلعی صدر قاری اعظم فاروق،ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا نعیم طلحہ ،سٹی صدر مولانا ثاقب عزیز،قاری محمد عثمان،مولانا اسماعیل رحیمی،مولانا الطاف اللہ فاروقی،مولانا عامر اشرف، مولانا یاسر علوی،مولانا کرم داد حذیفی،مفتی احمد علی،حافظ محمد قاسم فاروقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

علماء کونسل پنجاب کے صدر حافظ محمد امجد نے کہا کہ اسلام کے نام پر بے گناہ انسانیت کا خون بہانے والے دہشت گرد ہیں۔ دہشت گرد تنظیمیں اسلامی ممالک کی سلامتی و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ پاکستان میں شام ،عراق جیسے حالات پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر صہیونیوں کے غاصبانہ قبضے اور نمازوں پر پابندی کیخلاف عالم اسلام کو متحد ہوکر آواز بلند کرنی چاہئے۔

مسجد اقصیٰ کی آزادی اور حرمین شریفین کی سلامتی واستحکام امت مسلمہ کو اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے مسلمانوں کے مقدس مقامات کے امن سے کھیلنے کی دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں۔ پاکستان علماء کونسل ڈویژن فیصل آباد کے سرپرست مولانا محمد نواس نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

دہشت گردی ،انتہاپسندی کیخلاف پاکستانی قوم متحد ہے۔دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے غلط نظریات اور باطل سوچ کو شکست دینے کیلئے علماء کو میدان میں آنا ہوگا۔ دہشت گرد انسانیت دشمنی کی تمام حدیں عبور کرچکے ہیں۔ دہشت گرد ی کو ختم کئے بغیر معاشرے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ڈویژنل صدر قاری عصمت اللہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندرونی حالات سے فائدہ اٹھاکر تخریب کاری اور دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔

بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی اور بم دھماکوں میں بے گناہوں کا خون بہانا وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ مولانا عابد فاروقی ،قاری محمد اعظم فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان میں بد امنی پھیلانا چاہتی ہیں۔دہشت گردی ، انتہاپسندی کا متحد ہوکر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔اجلاس میںلاہور بم دھماکہ کے شہداء کے ورثاء کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔

متعلقہ عنوان :