لاہور ہائیکورٹ نے ینگ ڈاکٹرز کی آئے روز ہڑتالوں کے خلاف درخواست کو ناقابل قرار دے کر مسترد کر دیا

بدھ 26 جولائی 2017 18:06

لاہور ہائیکورٹ نے ینگ ڈاکٹرز کی آئے روز ہڑتالوں کے خلاف درخواست کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ینگ ڈاکٹرز کی آئے روز ہڑتالوں کے خلاف درخواست کو ناقابل قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ فاضل جج نے قرار دیا کہ ہڑتالیں روکنا عدالتوں کا کام نہیں اس کے لئے درخواست گزار کو پی ایم ڈی سے رجوع کرنا چاہیے۔ مقامی شہری طاہر حسین کی درخواست میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے ہڑتال کرنے کے اقدام کو لاہور ہائی کورٹ چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو کچھ عناصر ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ ایسوسی ایشن کا مقصد، ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کی فلاح اور بہتری تھا، درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اپنے مقاصد اور ایجنڈا سے ہٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواستگزار نے الزام لگایا کہ ینگ ڈاکٹرز کی تنظیم ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج ْنہیں بلکہ اپنے مقاصد کے لیے حکومت کو بلیک میل کرتی ہے اور مطالبات منوانے کے لئے ہسپتالوں کی تالہ بندی کر کی ایمرجنسی کو بھی بند کر دیا جاتا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہڑتالوں کے باعث مریض خوار ہوتے ہیں اس لیے عدالت ہڑتال کرنے پر پابندی عائد کرے۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

متعلقہ عنوان :