چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مستقل آئی جی پولیس پنجاب کی تقرری کیلئے درخواست پر پنجاب حکومت کو پبلک سیفٹی کمیشن بنانے کے معاملے پر مہلت دے دی

بدھ 26 جولائی 2017 18:06

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مستقل آئی جی پولیس پنجاب کی تقرری کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے مستقل آئی جی پولیس پنجاب کی تقرری کیلئے درخواست پر پنجاب حکومت کو پبلک سیفٹی کمیشن بنانے کے معاملے پر مہلت دے دی ہے ۔ سعد رسول ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں پبلک سیفٹی کمیشن کی تشکیل کرنے اور آئی جی پولیس پنجاب کی تقرری نہ کرنے کے اقدامات کو چیلنج کیا گیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالتی معاون عاصمہ جہانگیر نے نشاندہی کی کہ تین سال کی مدت ملازمت والے پولیس افسر کو آئی جی لگانے سے سینئر نظر انداز ہوجائیں گے اور سینئرز کی جگہ جونیئر پولیس افسر آئی جی پولیس بن جائے گا۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ مستقل آئی جی کی حیثیت سے کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کا تقرر کر دیا ہے۔ چیف جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ پبلک سیفٹی کمیشنز کب تک بنائیں گے جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ اس کی تشکیل میں ابھی کچھ وقت درکار ہے اس لیے مہلت دی جائے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پبلک سیفٹی کمیشن کی تشکیل کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔