ظفر حجازی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 26 جولائی 2017 13:10

ظفر حجازی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جولائی۔2017ء) مقامی عدالت نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) کے سابق چیئرمین ظفر حجازی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی ہے۔ ایف آئی اے نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین کو سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ظفر حجازی کے وکیل عاذب نفیس نے ایف آئی اے کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی توسیع کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کی صحت ایسی نہیں ہے کہ ان کا مزید جسمانی ریمانڈ لیا جاسکے -انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد مزید جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔اس موقع پر ایف آئی اے کی ٹیم نے ظفر حجازی کے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران سامنے آنے والی تحقیقات کی رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس پر عدالت نے کہا کہ وہ اس رپورٹ کی جانچ کے بعد اس پر فیصلہ دیں گے۔بعد ازاں عدالت نے ظفر حجازی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔