آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے - آئل ٹینکرمالکان اور کانٹریکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی-شام تک سپلائی بحال ہونا شروع ہوجائے گی-سیکرٹری پٹرولیم

حکومت نے آئل ٹینکرز کے کرایوں کی شرح بڑھانے پررضا مندی ظاہرکردی ہے۔ فریقین 15 روز میں تمام مسائل کا حل نکالنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 26 جولائی 2017 12:43

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے - آئل ٹینکرمالکان ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جولائی۔2017ء) حکومت نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم کرانے کے لیے ان کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جس کے بعد ٹینکرمالکان اور کانٹریکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے حکام اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشین کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دورکامیاب ہوگیا ہے جس کے بعد ٹینکر مالکان نے ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور ٹینکر مالکان کے درمیان آج مذاکرات کا دور وزارت پیٹرولیم کے دفتر میں ہوا جس میں سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل حکومت کی جانب سے مذاکرات میں شریک ہوئے جبکہ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف شاہوانی نے ٹینکر مالکان کی نمائندگی کی -ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ٹینکرز ایسوسی ایشن کے فریٹ ریٹ بڑھانے پر اتفاق کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے جس کا باضابطہ اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ہڑتال کے خاتمے کے لئے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سخت شرائط پیش کی گئی ہیں۔جس کے مطابق این ایل سی سے تیل ترسیل کا کام واپس لیے جانے کا بھی مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔اس کے علاوہ ٹینکرز مالکان نے تین ایکسل کا مطالبہ واپس لینے اور ریلوے سے مخصوص روٹس پر تیل ترسیل روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئل ٹینکرز کے کرایوں کی شرح بڑھانے پررضا مندی ظاہرکردی ہے۔

فریقین 15 روز میں تمام مسائل کا حل نکالنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔قبل ازیں ملک بھرآئل ٹیکنرز ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے کی جانب سے جاری ہڑتال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا ہوگیا تھا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں کے بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول نایاب ہوگیا۔ وفاقی سیکرٹری پٹرولیم نے آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے آج اجلاس طلب کیا تھا جن میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اورآئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے- امکان ظاہرکیا جارہا ہے ملک بھر آج شام تک معمول کے مطابق فیول کی سپلائی شروع ہوجائے گی- بدھ کی صبح تک لاہور میں بھی پیٹرول کی قلت کے اثرات سامنے آرہے ہیں اوراسلام آباد،کراچی ،پشاور ،کوئٹہ ،ملتان اور فیصل آباد کی طرح لاہور میں بھی جن پٹرول پمپس پر پٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

کوئٹہ میں بھی پٹرول کی قلت سے فلنگ اسٹیشنز پرگاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ پٹرول مالکان کا کہنا ہے کہ سپلائی شروع نہ ہوئی تو اسٹاک میں موجود پٹرول بھی ختم ہوجائے گا۔ اسکردومیں بھی پٹرول سپلائی نہ ہونے کے سبب پمپس بند ہیں ، پٹرول نہ ملنے سے ذاتی گاڑیوں میں سیرکے لیے آنے والے سیاح پھنس گئے جب کہ ہڑتال کے باعث پٹرول اور ڈیزل نہ ملنے سے بلتستان ڈویژن میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہوگئی ہے۔

کراچی میں پچاس فیصد سے زائد پیٹرول پمپس پر پیٹرل ختم ہو گیاہے۔آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے بعد اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی قلت پیدا ہونا شروع ہوگی ہے ۔ دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی درخواست پر سوئی سدرن نے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق حکام کے فیصلے کے بعد سوئی سدرن فوری طور پرسی این جی اسٹیشنز کھولے گی۔

پیٹرول بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی چاندی ہو گئی اور ان کی جانب سے عوام سے زیادہ کرایہ وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پٹرول کی نقل وحمل کے لئے ریلوے کی خدمات پیش کی تھیں۔سیکرٹری پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کے ساتھ کامیاب مذکرات کے بعد کل تک ملک بھر میں تیل کی سپلائی معمول پر آجائے گی-