کل مسالک علماء بورڈ نے خودکش حملوں کو حرام قرار دے دیا

سانحہ لاہور جیسے واقعات کو اسلام کے ساتھ جو ڑ نا سراسر ناانصافی ہے ‘ خون بہانے والوںکا کسی مذہب یا مسلک سے تعلق نہیں ہوسکتا، علماء دہشت اور بدامنی پھیلانے والوں کے غلط نظریات کی تردید کریں‘کل مسالک علماء بورڈکے زیراہتمام سانحہ لاہور کے شہدا کوخراج تحسین پیش کرنے کے لئے تعزیتی اجتماع

منگل 25 جولائی 2017 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) کل مسالک علماء بورڈکے زیراہتمام جامع مسجد کبریٰ نیو سمن آباد لاہور میں سانحہ فیروز پور روڈ لاہور کے شہدا کوخراج تحسین پیش کرنے کے لئے مولانامخدوم منظوراحمد کی زیرصدارت تعزیتی اجتماع منعقد ہوا، جس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی اور شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کی گئیں ،اس سے قبل کل مسالک علماء بورڈ کے مرکزی قائدین کا اجلاس ہوا جس میں مولانامحمدعاصم مخدوم ،علامہ حافظ کاظم رضاء نقوی ،مولاناعبدالرب امجد،مولاناپیر سیدولی اللہ شاہ بخاری ، مولاناشکیل الرحمن ناصر ،علامہ مفتی سیدعاشق حسین شاہ،علامہ سیدنوبہار شاہ ، علامہ ڈاکٹر بدر منیر مجددی، علامہ وقار الحسنین نقوی ،مولانامحمداسلم صدیقی ، علامہ اصغرعارف چشتی ودیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں سانحہ لاہور کی شدید مذمت اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام پر شدیدغم وغصہ اور افسوس کا اظہارکیاگیا، علماء نے متفقہ طور پر خودکش حملوں کو حرام قرار دیا ،اور کہاکہ سانحہ لاہور جیسے واقعات کو اسلام کے ساتھ جو ڑ نا سراسر ناانصافی ہے ،انہوں نے کہاکہ خون بہانے والے وحشی درندے اور دہشت گرد ہیں ان کا کسی مذہب یا مسلک سے تعلق نہیں ہوسکتا،حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے موثرکردار ادا کرئے ،کل مسالک علماء بورڈ دہشت گردی اورفرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے حکومت اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرئے گی،اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے،ظلم و نا انصافی مذہب اسلام کی تعلیما ت کے سو فیصد خلاف ہے ۔

(جاری ہے)

حضور ﷺ پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام لے کر آئے تھے،قرآن کی تمام تر تعلیمات امن عالم کی راہ ہموار کرنے کے لیے مشعل راہ ہیں متفقہ اعلامیہ میں علماء نے اپیل کی کہ ہم سب کا فرض ہے کہ دہشت اور بدامنی پھیلانے والوں کے غلط نظریات کی تردید پیغمبر امن ﷺکی تعلیمات کی روشنی میں کریں ،پوری دنیا پر یہ بات آشکارا کریں کہ اسلام امن وآتشی کا مذہب ہے ،وہ اپنے دشمنوں تک کے ساتھ حسن سلوک اور انصاف کی تلقین کرتا ہے ،تمام ائمہ مساجد اور خطبا کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے تمام واقعات کی پرزور تردید کریں ۔

متعلقہ عنوان :