مسائل کے حل کے لیے مثبت کردارادا کرنے پر میئر و چیئرمین سی ڈی اے کے شکر گزار ہیں ،چوہدری محمد یٰسین

تاریخ میں چوہدری محمد یٰسین کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا ،اورنگزیب خان ،راجہ شاکر زمان کیانی محنت کشوں کا اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کی خدمات پر زبردست خراج تحسین ، پھولوں کے گلدستے پیش کیے سی ڈی اے مزدور یونین کی ایگزیکٹوباڈی کے اجلاس سے قائدین کا خطاب

منگل 25 جولائی 2017 23:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) سی ڈی اے مزدور یونین کی ایگزیکٹوباڈی کا اجلاس بمقام فائر بریگیڈ ہال منعقد ہوا ،اجلاس میں مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدراورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی ،سرپرست اعلیٰ سید گلدارشاہ ،چیف آرگنائزر حاجی مشتاق احمد شاہد ،سی بی اے کمیٹیز کے مرکزی عہدیداران ،نمائندگان اور رابطہ کمیٹی کے ممبران سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر ملازمین نے اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ورکروں کی جانب سے انھیں پھول پیش کیے گئے ،ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز و انتظامیہ اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں ،یوسی چیئرمینز راجہ وحید الحسن ،سردار مہتاب خان ، ظہیرشاہ ،چوہدری اللہ دتہ ،فرمان مغل،چوہدری منیر اشرف و دیگر ساتھیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ملازمین کو درپیش مسائل اور اٹھارہ جولائی کو ملازمین کی طرف سے اپنے حقوق و مراعات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے پر امن مظاہرے کے بعد حالات سے مکمل طور پر آگاہ کرتے ہوئے اسلام آباد جیسے پر امن شہر کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے ملازمین کے تحفظات کو دور کرنے کی خاطر سی ڈی اے انتظامیہ اور سی بی اے یونین کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات منعقد کروانے میں اپنامثبت کردارادا کیااور سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی اپ گریڈیشن ،وزیر اعظم پیکج کے تحت حاصل شدہ مراعات ،ملازمین کے بچوں کی بھرتی ،ڈیلی ویجز ،کنٹریکٹ اور مسٹررول ملازمین کی مستقلی ،پانچ سال مد ت ملازمت پوری کرنے والے ملازمین کی اپ گریڈیشن ،رول 20اور فیملی ٹرانسفر کی بحالی ،ملازمین کی پروموشن اور تبادلے جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے گئے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ اٹھارہ جولائی کے پر امن احتجاج نے ثابت کیا کہ ہمارے محنت کش محب وطن شہری ہیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کی خاطر متحد ہیں اور کسی طور بھی دارلحکومت کے امن کو خراب کرنے کے حق میں نہیں ،ہم نے ہمیشہ بات چیت اور افہام و تفہیم کی سیاست کو فروغ دیا اور جمہوری روایت کی پاسداری کی لیکن ہم کسی طور بھی اپنے مزدور کے حقوق پر کسی قسم کی سودابازی اور سمجھوتہ کرنے پر تیار نہیں ہیں اور اگر آئندہ بھی اگر کسی نے ہمارے ملازمین کے حقوق و مراعات غصب کرنے کی کوشش کی تو نہ صرف اپنے حق کی خاطر سڑکوں پر آئیں گے بلکہ پریس کلب اور پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے ،سی ڈی اے ملازمین کی اپ گریڈیشن ہو ،پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،پروموشن یا سپیشل الائونس سی ڈی اے میں موجود مزدور دشمن ٹولے نے ہمیشہ میر جعفر اور میر صادق کا کرداراداکیا لیکن سی ڈی اے کا محنت کش ان نوسربازوں کے ٹولے کو ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی مسترد کر دے گا ،ہم سب کو عدالتوں کا احترام کرنا چاہیے اور سی ڈی اے ملازمین کے حوالے سے جو مقدمات بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں انکے فیصلہ آنے کا انتظارکرنا چاہیے ،سی ڈی اے مزدور یونین نے اپنے گزشتہ احتجاج میں انتظامیہ کو چودہ دن کا جو نوٹس دیا تھا انتظامیہ کی طرف سے مثبت پیش رفت کے بعد ہم اپنے نوٹس کو واپس لیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ آئندہ بھی ملازمین کے حقوق کا خیال رکھے گی ،میں بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر اپنے تما م عہدیداران اور ورکروںکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے کسی کے لیے بھی بند نہیں کیے ،سی ڈی اے مزدور یونین کی کارکردگی کی وجہ سے آج اس کا نام دنیا بھر میں لیا جاتا ہے مزدور یونین عرصہ دس سال سے زائد عرصہ سے برسراقتدار ہے اور ہروقت ریفرنڈم کے لیے تیا ر ہے ،ہم محنت کشوں کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور محنت کشوں کے حقوق کی جنگ آخری دم تک جاری رکھیں گے ،اس موقع پر مزدور یونین کے عہدیداران نے اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انکی خدمات کو تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :