آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن وفد کی صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدسے ملاقات

جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے، دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش ہے معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفر کردار تک ضرور پہنچیں گے پنجاب پولیس سکولوں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر علاقوں میں سکولوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے، وفد سے گفتگو پرائیویٹ سکولز میں سیکورٹی اقدامات بہتر بنانے کے حوالے سے گفتگو، حکومت کو تمام پرائیویٹ سکولوں کو سکیورٹی فراہم کرے، ادیب جاودانی

منگل 25 جولائی 2017 23:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی کی قیادت میں راولپنڈی تنظیم کے وفد نے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاںسے ملاقات کی۔وفد میں راولپنڈی کے صدر ابرار احمد خاں بھی شامل تھے۔ ادیب جاودانی نے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک دفعہ پھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں وار کیا ہے اور بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے فیروز پور روڈ پر پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

دہشت گردی کے اس واقعہ نے پرائیویٹ سیکٹر میں بھی خوف و ہراس کی فضا پید ا کر دی ہے۔ ادیب جاودانی نے صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا کہ پنجاب کے اکثر پرائیویٹ سکولوںنے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن دہشت گرد بہت تربیت یافتہ ہوتے ہیں، ان کا مقابلہ پرائیویٹ سکولوں کے سکیورٹی گارڈ نہیں کر سکتے۔ حکومت کو تمام پرائیویٹ سکولوں کو سکیورٹی فراہم کرنی چاہیے۔

ادیب جاودانی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ادیب جاودانی نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں کے بعد جو اقدامات کیے جاتے ہیں وہ دہشت گردوں کے حملوں سے پہلے کرنے چاہئیں۔ادیب جاودانی نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے ہاتھوں شہید ہونے والے پولیس ملازم کے لواحقین کو تو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے اگر دہشت گرد پرائیویٹ سکولوں کے کسی سکیورٹی گارڈ کو شہید کر دیں تو اس کے لواحقین کو بھی حکومت کو ایک کروڑ روپے دینے چاہئیں۔

ادیب جاودانی نے کہا کہ حکومت نے سکیورٹی کے تمام انتظامات پرائیویٹ سکولوں پر ڈال دئیے ہیں اگر پرائیویٹ سکولوں کے مالکان اور شہری انفرادی طور پر اپنی جان و مال کے تحفظ کے خود پابند ہیں تو پھر حکومت کا سکیورٹی اداروں پر سالانہ اربوں روپے خرچ کرنے کا کیا جواز بنتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے سکیورٹی کی تمام ذمہ داری پرائیویٹ سکولوں پر ڈال دی ہے جبکہ سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں کو منظم بنائے جو صرف ’’دہشت گردوں کی آمد کی اطلاع ہی نہ دیں بلکہ انہیں کسی کارروائی سے قبل گرفتار بھی کریں‘‘۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے ادیب جاودانی اور اُن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق ہونے والے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔شہید پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور دیگر افراد کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے اور جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش ہے۔ دہشت گردی کے اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفر کردار تک ضرور پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سکولوں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر علاقوں میں سکولوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔

سکولوں کو جو سکیورٹی پلان فراہم کیا گیا ہے اور محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر اس پر عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام سکیورٹی کے حوالے سے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخصکی یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو وہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف سکولوں کا دورہ کریں گی اور سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری حکم نامہ ماننے اور حکومتی رٹ چیلنج کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز کے مطابق تعلیمی اداروں کی مکمل سکیورٹی کے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ادیب جاودانی سے کہا کہ جن پرائیویٹ سکولوں کو دہشت گردی کا خطرہ ہے ان کے نام ہمیں بھجوائیں ہم ان کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔