برطانیہ پاکستان کا اہم دوست ہے ،لیکن ایک شخص برطانیہ میں بیٹھ کرپاکستان کا نام بدنام کررہا ہے، سید مصطفی کمال

منگل 25 جولائی 2017 23:20

برطانیہ پاکستان کا اہم دوست ہے ،لیکن ایک شخص برطانیہ میں بیٹھ کرپاکستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کراچی میں متعین برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن اسٹیو کراس مین سے ملاقات کی․ اس ملاقات میں پی ایس پی کے سینیر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد اور ممبر نیشنل کونسل صوفیا سعید بھی ان کے ہمراہ تھیں․ ملاقات میں انہوں نے الطاف حسین کی دہشتگردی اور پاکستان مخالف عزائم سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کو آگاہ کرتے ہوئے الطاف حسین کی پاکستان دشمن سرگرمیوں کے خلاف درخواست بھی جمع کروائی․ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کو الطاف حسین کی ہدایت پر مارا گیا، الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ معصوم لوگوں کو قتل کرنے کا حکم دیتے ہیں اور پاکستان کے خلاف مغلظات بکتے ہیں․ انہوں نے کہا کہ آج برطانوی کونسل خانے میں باقاعدہ درخواست دائر کر دی ہے، برطانیہ پاکستان کا اہم دوست ہے اور برطانوی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے لئے کبھی استعمال نہیں ہونے دے گا․ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر الطاف حسین پاکستان کا نام بدنام اور معصوم انسانوں کا خون بہا رہے ہیں لیکن اب پاکستان میں خون نہیں بہے گا کیونکہ الطاف حسین کی خون کی سیاست کو کو دفن کردینگی․ انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین 22 اگست کو سیاسی طور پر مر چکے تھے لیکن فاروق ستار اینڈ کمپنی نے پھر الطاف حسین کو زندہ کر دیا․ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن ایک ہیں اور الطاف حسین ہی ایم کیو ایم چلا رہے ہیں․ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا سیاسی ونگ ایم کیو پاکستان جبکہ عسکری ونگ ایم کیو ایم لندن ہی․ انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین کے گھر کے باہر پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا تھا جس کے بعد الطاف حسین نے اپنا گھر تبدیل کرلیا ہے کیونکہ وہ ایک بزدل انسان ہے لیکن پاک سر زمین پارٹی اب الطاف حسین کو نہیں چھوڑے گی نہ اپنے شہداء کے خون کو معاف کرے گی، ہمارے پاس الطاف حسین کے نئے گھر کا پتہ بھی موجود ہے ․ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی الطاف حسین کے خلاف اب اسلام آباد جائے گی ساتھ ہی انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن سے درخواست کی کہ الطاف حسین کی اشتعال انگریزی کا نوٹس لیں۔