پاکستان کے قیام ، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں تمام کمیونٹیز کا کردار اہم ہے، گورنر سندھ محمد زبیر

منگل 25 جولائی 2017 23:17

پاکستان کے قیام ، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں تمام کمیونٹیز کا کردار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام ، تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں تمام کمیونٹی کا کردار اہم ہے با الخصوص عیسائی کمیونٹی کے افراد شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مختلف با الخصوص شعبوں صحت اور تعلیم میں اپنا منفرد کردار ادا کررہے ہیں ،محب الوطن عیسائی کمیونٹی ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے گورنر ہائوس میں نیو اپوسٹائل چرچ کے ریورنڈ جان قادرکی سربراہی میں آنے والے 13 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ،معاشی ترقی میں کمیونٹیز کے کردار، عام آدمی کے طرز زندگی میں بہتری کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات ، امن و امان کے قیام ، غیر ملکی سرمایہ کاری اور نجی سیکٹر ز کے فعال کردار سے روزگار میں اضافہ، عیسائی کمیونٹی کے علاقوں میں ترقیاتی کام، حائل مشکلات کے خاتمہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد وفاقی حکومت معاشی خوشحالی کے روڈ میپ پر کام کررہی ہے جس کے نتیجہ خیز نتائج سامنے آرہے ہیں ،صوبہ کی ترقی میں بھی وزیر اعظم پاکستان خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اس ضمن میں صوبہ کے متعدد دورے کے دوران وزیر اعظم نے جیکب آباد ، ٹھٹھہ اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے فنڈز جاری کئے ، کراچی کی ترقی کے لئے بھی کراچی ترقیاتی پیکج ترتیب دیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے جس کی ترقی و خوشحالی کا پورے ملک پر مثبت اثر مرتب ہوتا ہے ،امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہورہے ہیں ، خوشحالی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے مربوط اور موئثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

گورنر سندھ نے عیسائی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کے سفر میں عیسائی کمیونٹی کی خدمات قابل تحسین ہیں با الخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں عیسائی کمیونٹی کے افراد شب و روز سرگرم عمل ہیں ، اسی وژن کے ساتھ کام کرنے سے پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلا تفریق عوامی خدمت کے وژن پر کام کررہی ہے پو رے ملک کی یکساں ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، صوبہ میں ترقیاتی کاموں میں عیسائی کمیونٹی کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

ملاقات میں چرچ کے جان قادر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ عیسائی کمیونٹی ملکی تعمیر و ترقی میں شانہ بشانہ ساتھ دے رہی ہے ،ہر ایک کی خواہش ہے کہ پاکستان عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام حاصل کرے ۔ انہوں نے عیسائی کمیونٹی کے مسائل تفصیل سے سننے اور انھیں حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی پر گورنر سندھ کا شکریہ اداکیا ۔#

متعلقہ عنوان :