معاشی مثبت اشاریئے سے اقتصادی صورتحال میں بہت بہتری آرہی ہے،گورنر سندھ محمد زبیر

منگل 25 جولائی 2017 23:17

معاشی مثبت اشاریئے سے اقتصادی صورتحال میں بہت بہتری آرہی ہے،گورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سفارتی فورم کے انعقاد سے حکومت کو بہت مد د ملتی ہے ، سفارتی فورم میں برادر اسلامی ممالک کے قونصل جنرلز کی شرکت خوش آئند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چار برس سے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوچکی ہے با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام سے سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، نجی سیکٹرز فعال کردار ادا کررہے ہیں ، معاشی مثبت اشاریئے سے اقتصادی صورتحال میں بہت بہتری آرہی ہے ۔

انہوں نے ایمبیسیڈر میگزین Ambassador Magazine کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں بحرین ، چین ، سعودی عرب ، روس ، اومان اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز ، سابق مشیر اطلاعات صلاح الدین حیدر سمیت دیگر شریک تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہے ، کراچی پاکستان کی اقتصادیات میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، امن و امان کے قیام میں فوج ، رینجرز ، پولیس ، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں ، سیاستدانوں نے بھرپور حصہ لیا ،حکومت کا امن و امان کے قیام پر فوکس تھا وفاقی حکومت نے بھی بھرپور ساتھ اور حمایت کی اس ضمن میں رینجرز نے بہت اچھے اقدامات اٹھائے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار امن و امان پر انحصار کرتے ہیں ،ساز گار ماحول اور شہر کی استعداد سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ہے، آج غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیاں کراچی میں منافع بخش کاروبار کررہی ہیں ، ملکی معیشت بہت مستحکم ہو چکی ہے ، پاکستان میں جمہوریت تسلسل سے قائم ہے میڈیا آزاد ہے ، سیاسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں ، تجارتی ، معاشی و اقتصادی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری و ساری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت بہت تجربہ کار ہے غیر ملکی سرمایہ کار ، تاجر اور سفارت کار پاکستان میں استحکام اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ تقریب سے خطاب میں بحرین کے قونصل جنرل Yaser Isa Ajlan Heddi نے کہا کہ پاک بحرین دوطرفہ تعلقات بہت مستحکم ہورہے ہیں ، پاکستان کے استحکام اور معاشی خوشحالی کے وژن پر کام کررہے ہیں دونوں ممالک کی قیادت ایک پیج پر ہیں ، پاکستان خوشحالی کی جانب گامزن ہے ، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے پر بھی دونوں قیادت میں اتفاق ہے ۔

تقریب سے خطاب میں ایمبیسیڈر میگزین کے ڈاکٹر محبوب نے کہا کہ میگزین پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کررہا ہے چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ کی حیثیت سے محمد زبیر نے سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے بھرپور کوششیں کیں اور اب بطور گورنر سندھ عام آدمی کا طرز زندگی بہتر بنانے کے لئے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے زبر دست محنت کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بے شمار مواقع دستیاب ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کار ان مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز شرو ع ہو جائے گا ۔میگزین کے ایڈیٹر انچیف ضیغم حسین نے کہا کہ آج کی تقریب میں ایمبیسیڈر میگزین ''Ambassador Forum ''کے قیام کا اعلان کررہا ہے تاکہ تاجر برادری اور سفارت کاروں کو مزید قریب کیا جا سکے ۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے بحرین ، چین ، سعودی عرب ، روس ، اومان اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز کو شیلڈ پیش کیں ۔#

متعلقہ عنوان :