نیب کو ختم کر نے کا بل کرپشن چھپانے اور کرپٹ عناصر کی پشت پناہی کر نے کی کوشش ہے،حافظ نعیم الرحمن

بد قسمتی سے حکمرانوں نے ہمیشہ کرپشن کا تحفظ کیا ہے جس کی وجہ سے ملک اور قومی ادارے تباہ و برباد ہو ئے، گفتگو

منگل 25 جولائی 2017 23:16

نیب کو ختم کر نے کا بل کرپشن چھپانے اور کرپٹ عناصر کی پشت پناہی کر نے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نیب کو سندھ کے اندرغیر مؤثر کر نے حوالے سے سندھ اسمبلی کے منظور کر دہ بل پر گورنر سندھ کے اعتراضات کو مسترد کر نے اور سندھ حکومت کی جانب سے اسمبلی سے اس بل کو دوبارہ منظور کر انے پر تبصرہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ نیب کو غیر مؤثر کر نے کے بل کی منظوری سندھ حکومت کی طرف سے اپنی کرپشن چھپانے اور کرپٹ عناصر کی پشت پناہی کر نے کی کوشش ہے جو انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔

کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بد قسمتی سے حکمرانوں نے ہمیشہ کرپشن کا تحفظ کیا ہے جس کی وجہ سے ملک اور قومی ادارے تباہ و برباد ہو ئے ہیں اور آج بھی ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

رشوت اور کرپشن کروڑوں اور اربوں روپے تک پہنچ چکی ہے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی نیب کو ختم کر نے کی کوششیں آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے ۔سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے ۔

جماعت اسلامی حکومت کی ان کوششوں اور آئین و قانون کے خلاف اقدامات کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی اور آئینی و قانونی سطح پر بھی جدو جہد کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا ادارہ مختلف اداروں میں بلیک میلنگ کے لیے مداخلت کرتا ہے جو اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے لیکن اس کی کرپشن کے خلاف کاکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔

سندھ میں اینٹی کرپشن کا ادارہ محض کرپشن پھیلانے کا ذریعہ ہے اس کا کا م محض بلیک میلنگ کرنا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوکہ نیب کا بد دیانت اور کرپٹ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عمل بہت زیادہ مثالی نہیں ہے اور یہ بات بھی سامنے ہے کہ نیب نے بہت سے بااثر افراد کے معاملے میں تساہل اور جان بوجھ کر صرف نظر کیا ہے بلکہ سندھ حکومت جس طرح کرپشن کی سر پرستی کررہی ہے اس پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں آنے والے معاملات اس قدر شرمناک ہیں جس کوکوئی بھی معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا کجا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں یہ سب کچھ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں شامل دوپارٹیوں نے جس طرح عوام کے خزانے کو لوٹا ہے اس کی مثال نہیں ملتی صاف ظاہر ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنے کچھ افراد کے پکڑے جانے پر تشویش ہے جنہوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے اور اب باقی لوگوں کے خلاف کاروائی کا ڈر ہے ۔ نیب کے خلاف حکومت کا اقدام محض اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہے ۔

متعلقہ عنوان :