سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 62ویں سالگرہ کا کیک میڈیا سیل بلاول ہائوس میں کاٹا گیا

آصف علی زرداری نے جمہوریت کے 5سال مکمل کر کے ایک تاریخ رقم کی ، انہوں نے اپنے 5سالہ دور حکومت میں صوبوں کو خود مختاری دی، 18 ویں ترمیم منظور کروائی، وقار مہدی /راشد ربانی

منگل 25 جولائی 2017 23:06

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 62ویں سالگرہ کا کیک میڈیا سیل بلاول ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 62ویں سالگرہ کا کیک میڈیا سیل بلاول ہائوس میں کاٹا گیا۔ اس موقع پر سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، نائب صدر سندھ راشد حسین ربانی، فدا حسین ڈھکن، وقاص شوکت، فرید لالو، وجاہت اللہ خان اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کے لئے جس طرح انہوں نے 12سال تک قید وبند کی صعوبتیں جس بہادری دلیری کے ساتھ برداشت کی وہ جمہوری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی مفاہمت کی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کی عوام کو ان کے حقوق دلائے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور سی پیک جیسے اہم منصوبے کی بنیاد رکھی اور آج سی پیک کا منصوبہ آصف علی زرداری کے ہی مرہون منت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے جمہوریت کے 5سال مکمل کر کے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے اپنے 5سالہ دور حکومت میں صوبوں کو خود مختاری دی، 18 ویں ترمیم منظور کروائی، اپنے اختیارات پارلیمنٹ کے حوالے کئے، پارلیمانی اداروں کو مضبوط کیا، بطور صدر پارلیمنٹ میں 5مرتبہ خطاب کر کے ایک نئی جمہوری تاریخ رچائی،ججوں کی تعیناتی کیلئے نئے شفاف نظام کی تشکیل دی، آزاد ،شفاف انتخابات کی بنیاد اور مضبوط الیکشن کمیشن کی تشکیل کیا، آزاد چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں کلیدی کردار ادا کیا، این ایف سی ایوارڈ کی متفقہ منظوری، این ایف سی 2012-13 کے تحت وسائل کی تقسیم کی، بلوچوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کا اعلان کیا، خیبر پختونخواہ عوام کی دیرینہ خواہش کے مطابق شمال مغربی سرحدی صوبے کیلئے نئی شناخت دی، گلگت بلتستان کو صوبے کی حیثیت دی، فاٹا میں سامراجی نظام کا خاتمہ کیا اور عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کے دور حکومت میں پاکستان آج کے مقابلے زیادہ مضبوط تھا ۔