گلگت بلتستان حکومت اقوام متحدہ کی جانب سے متعین سسٹین ایبل گولز کے اہداف کے حصول ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، اقوام متحدہ کے مختلف ادارے حکومت کے تعاون سے مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں ورلڈ بینک نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینٹر سے گفتگو

منگل 25 جولائی 2017 23:04

گلگت بلتستان حکومت اقوام متحدہ کی جانب سے متعین سسٹین ایبل گولز کے ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت اقوام متحدہ کی جانب سے متعین سسٹین ایبل گولز کے اہداف کے حصول ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اقوام متحدہ کے مختلف ادارے حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں ورلڈ بینک نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

حکومت نے معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کرائے ہیں جس سے سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتری آئی ہے غیر ضروری چھٹیوں کی وجہ سے طالب علموں کا وقت ضائع ہوتا ہے جس سے بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے ہماری ترقی کا انحصار تعلیم پر ہے اس لئے غیرضروری چھٹیوں کو ختم کرنے کیلئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو مفت کتابیں فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سرکاری اداروں کے انرولمنٹ میں 25 ہزار نئے طالب علموں کا اضافہ ہوا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔ معیاری تعلیم یقینی بنانے کیلئے حکومت گلگت بلتستان پرعزم ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

صحت کی شعبے کی بہتری کیلئے کے ایف ڈبلیو اور یونیسف کے تعاون سے اقدامات کئے جارہے ہیںصوبے میں پہلی ایم آر آئی مشین کا افتتاح اسی ہفتے کیا جارہا ہے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشین کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور 2020ء تک صوبے کے تمام لوگوں کاہیلتھ انشورنس یقینی بنایا جائے گا سرکاری ملازمین کی انشورنس کیلئے کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے سفارشات حتمی مراحل میں ہے ہسپتالوں کو خود مختار کیا جارہا ہے۔

سیاحت کے شعبے کو فروغ ملا ہے ماحولیاتی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گااس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے تمام گلیشیرز اور سیاحتی مقامات پر پلاسٹک کے اشیاء لے جانے پر پابندی عائد کی ہے جس پر عملدآمد یقینی بنانے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ویسٹ مینجمنٹ کو تمام اضلاع میں قائم کی جارہاہے اور کچرے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تلف کیا جائے گا۔

گرین پاکستان منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں درختوں کی پلانٹیشن کیلئے وزیر ا عظم پاکستان نے میگا منصوبے کی منظوری دی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ماحولیات کے تحفظ کی آگاہی اور اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آئندہ صوبائی کابینہ کا اجلاس نانگا پربت یا راکاپوشی بیس کیمپ میں کیا جائے گاتاکہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے شعورکو مزید اجاگر کیاجاسکے۔

حکومت گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینٹر سے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی اقوام متحدہ کے زونل دفتر کے قیام کو عمل میں لانے کا مطالبہ کیا تاکہ تعمیر و ترقی کے اس سفر میں حکومت گلگت بلتستان اور اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے مابین روابط کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :