Live Updates

پاناما کیس کے فیصلے سے ایک نیا باب کھلے گا جب کہ پوری نون لیگ کی قیادت ردی کی ٹوکری میں چلی جائے گی،عمران خان کو پاناما کیس اٹھانے کے جرم کی سزا دی جارہی ہے،عمران خان نے اڑھائی اور 5،5 ہزار روپے کا بھی حساب دیا،کمائی حلال کی ہوتو جعلی دستاویزات اور قطری خط کی ضرورت نہیں پڑتی

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی میڈیاسے گفتگو

منگل 25 جولائی 2017 22:57

پاناما کیس کے فیصلے سے ایک نیا باب کھلے گا جب کہ پوری نون لیگ کی قیادت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے سے ایک نیا باب کھلے گا جب کہ پوری نون لیگ کی قیادت ردی کی ٹوکری میں چلی جائے گی۔ عمران خان کو پاناما کیس اٹھانے کے جرم کی سزا دی جارہی ہے۔ لیکن ان کے خلاف وہ مقدمہ داخل کیا گیا جس میں کچھ بھی نہیں اور یہ کیس ردی کی ٹوکری ہے۔

ان کی منی ٹریل عدالت میں جمع ہوچکی ہے اور انہوں نے ڈھائی ڈھائی اور 5،5 ہزار روپے کا بھی حساب دے دیاہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان کی طرح کون ایسا رہنما ہے جو اپنی منی ٹریل دکھائے۔وہ منگل کو میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 1971 میں قومی ٹیم میں شامل ہوئے اور 1983 میں فلیٹ خریداوہی فلیٹ فروخت کرکے بنی گالہ کی جائیداد خریدی گئی،عمران خان نے بینک ٹرانزیکشن سے ثابت کیاانہوں نے کہاں سے کمایا اور کہاں لگایا،کمائی حلال کی ہوتو جعلی دستاویزات اور قطری خط کی ضرورت نہیں پڑتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب عدالت میں فنڈنگ کیس شروع ہونے والا ہے، ہم نے پہلے سے ہی 30 ہزار ڈونرز کی فہرست عدالت میں جمع کرادی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آج جس مقام پر کھڑی ہے وہ اوور سیز پاکستانیوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔ اوور سیز پاکستانیوں کی عزت کی جائے، ان کی توہین نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اب دانیال عزیز اور طلال چوہدری اپنا غصہ سپریم کورٹ کے باہر نہیں بلکہ اپنی قیادت سے سامنے جاکر نکالا کریں۔اعجاز چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان نے صادق اور امین ہونے کا ایک معیار سیٹ کردیا ہے، تمام سیاسی رہنمائو کو چاہیے کہ عمران خان کی پیروی کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات