ہائیکورٹ بارملتان کے صدر اورسینئرجج کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا ،وکلاء کی ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ جاری،صدر ہائیکورٹ بار کی قیادت میں احتجاجی ریلی ،سینئرجج کے فوری تبادلے کا مطالبہ،وکلاء اور سینئرجج کے تنازعہ پر لاہور ہائیکورٹ نے ملتان بنچ پر کام روک دیا،ججز کو لاہور طلب کرلیا

منگل 25 جولائی 2017 22:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) ہائیکورٹ بارملتان کے صدر اورسینئرجج کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا ، وکلاء نے منگل کو مکمل ہڑتال کی اور مکمل عدالتی بائیکاٹ کیا ،وکلا نے صدرہائیکورٹ بار شیرزمان قریشی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی اور سینئرجج کیخلاف نعرہ بازی کی اور اور ان کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا دوسری جانب وکلاء کی طرف سے عدالتی بائیکاٹ کے اعلان کے بعدلاہورہائیکورٹ کی جانب سے ملتان بینچ میں تعینات 4 ججز کو فوری طورپرلاہورطلب کرکے لاہورمیں عدالتی امورسرانجام دینے کی ہدایت کردی گئی ہے جس کی وجہ سے مقدمات کی سماعت ملتان میں نہیں ہوسکے گی نیزملتان بینچ میں مقدمات کی دائر ی بھی بند رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں لاہورمیں 2 ججز پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جو مذاکرات کرکے معاملہ کاحل لے گی۔دریں اثناء گزشتہ روزاحتجاجی اجلاس کے دوران صدربا رنے الزام عائد کیاکہ سینئرجج نے 52 کروڑروپے کی گیس چوری کیس میں حکم امتناعی جاری کردیاجبکہ غریب افرادکے کیسوں میں حکم امتناعی جاری نہیں کیا جاتاہے۔ اس لئے چیف جسٹس پاکستان اس کیس کو ری اوپن کرائیں اور فاضل سینئرجج کے خلاف اگرکوئی ریفرنس زیرسماعت ہے تواس کابھی فوراًفیصلہ کیاجائے ۔