وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے تمام حلقوں میں پی ڈی اے کے تحت ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

حکومت کے سٹینڈر فارمولہ کے مطابق 70 فیصد وسائل سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور 30 فیصد گلیوں کی تعمیر و پختگی پر خرچ ہونے چاہئیں،پشاور کے مختلف حلقوں میں ضرورت کی بنیاد پر عوامی مفاد کے تحت مزید سکیموں کی نشاندہی کی جائے، ترقیاتی سکیموں سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب

منگل 25 جولائی 2017 22:26

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے تمام حلقوں میں پی ڈی اے کے تحت ترقیاتی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبائی دارلحکومت پشاور کے تمام حلقوں میں پی ڈی اے کے تحت ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔حکومت کے سٹینڈر فارمولہ کے مطابق 70 فیصد وسائل سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور 30 فیصد گلیوں کی تعمیر و پختگی پر خرچ ہونے چاہئیں تاہم ضرورت کی بنیاد پر گلیوں کی تعمیر ومرمت کیلئے 30 فیصد سے زائد بھی فنڈ استعمال کرنے کی اجازت ہے ۔

انہوںنے پشاور کے مختلف حلقوں میں ضرورت کی بنیاد پر عوامی مفاد کے تحت مزید سکیموں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تاکہ اُن پر بروقت کا م شروع کیا جا سکے ۔سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے مجموعی عمل کو پشاور شہرکی مجموعی خوبصورتی کی مہم کے حصہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پی ڈی اے کے تحت حلقہ وائز ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

پشاور کے اراکین صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی، اشتیاق ارمڑ ، ارباب جہانداد، عارف یوسف، یاسین خلیل، محمود جان، سیکرٹری بلدیات ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو پشاور میں پی ڈی اے کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت پر بریفینگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی اے کے تحت پشاور کے 11حلقوں میں 1906.283 ملین روپے کی مجموعی لاگت سے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی کل 60 سکیموں پر کام جاری ہے ۔ ان میں حلقہ PK-1 کی ایک ، PK-2 کی دو، PK-3کی ایک ،PK-4 کی پانچ، PK-5 کی 9 ، PK-6 کی آٹھ،PK-7 کی آٹھ، PK-8 کی دو ، PK-9 کی پانچ ، PK-10 کی پانچ ،PK-11 کی چھ اور آٹھ متفرق سکیمیں شامل ہیں۔متعدد سکیموں پر کام شروع ہے جبکہ 15 سکیموں کے ورک آرڈرز جاری کئے جاچکے ہیں۔

کچھ سکیموں کے پی سی ون کی پی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاس میں باضابطہ منظوری کے بعد کام شروع کردیا جائے گا۔ حکومتی ہدایت کے مطابق ہر حلقے میں دستیاب فنڈز کا 30 فیصد گلیوں جبکہ 70 فیصد سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خرچ کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر بعض حلقوں میں گلیوں کی تعمیر ومرمت کیلئے ضرورت کی بنیاد پر مجوزہ تیس فیصد سے زیادہ فنڈز استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہو یا گلیوں کی ، ہر حلقہ دستیاب وسائل کے اندر سکیموں کو مکمل کرنے کا پابند ہے۔ متعلقہ نمائندوں کی مشاورت سے فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے اور کام نظر آنا چاہیئے ۔ جس حلقے میں دستیاب فنڈز کے مطابق سکیمیں کافی نہیں ہیں وہاں ضرورت کی بنیاد پر نئی سکیمیں لیکر رپورٹ دیں کم سے کم وقت میں سکیموں کی معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے ۔

انہوںنے تاکید کی کہ کسی سکیم کا بھی ٹینڈر ٹائم چھ ماہ سے زائد نہ ہو بلکہ ممکنہ حد تک کم سے کم وقت میں سکیمیں مکمل کی جائیں۔پرویز خٹک نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبربازار ، قصہ خوانی بازار اور چوک یادگار میں فٹ پاتھ کی فوری تعمیر کی خصوصی ہدایت کی ۔ انہوں نے کمیونٹی ٹیوب ویلز کی بندش کا مسئلہ بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔پرویز خٹک نے پی ڈی اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوںنے پی ڈی اے ایکٹ (جس کا مسودہ محکمہ قانون میں ہے ) کو صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی ۔