آل پاکستان وکلاء کنونشن نے وزیراعظم سے استعفیٰ کے مطالبہ کو غیر آئینی، غیر قانونی قرار دیدیا

ماورائے آئین کسی اقدام یا ناانصافی کو قبول نہیں کیا جا ئے گا، اعلامیہ، متفقہ قرارداد

منگل 25 جولائی 2017 22:17

آل پاکستان وکلاء کنونشن نے وزیراعظم سے استعفیٰ کے مطالبہ کو غیر آئینی، ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) آل پاکستان نمائندہ وکلاء کنونشن نے وزیراعظم سے استعفیٰ کے مطالبہ کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیدیا۔ کنونشن میں ملک بھر سے 120 بار کونسلوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ کنونشن کے اختتام پر جاری اعلامیہ اور متفقہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وکلاء وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کے مطالبہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور تمام سیاسی معاملات کا حل پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے۔ وکلاء نے عزم کیا کہ وہ سپریم کورٹ کے وقار پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی ماضی کی طرح عوام کے مینڈیٹ کا قتل ہونے دیں گے۔ عوام اور پارلیمنٹ کے منتخب وزیراعظم کو صرف آئین میں درج طریقہ کار سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ وکلاء نے عزم کیا کہ ماورائے آئین کسی اقدام یا ناانصافی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ قرارداد میں ان سازشی عناصر کی بھرپور مذمت کی گئی جو میڈیا میں سپریم کورٹ جیسے اعلیٰ ترین ادارے کو وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پارٹی بنا رہے ہیں۔