مسلم لیگ (ن )اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں، دونوں نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ لوٹ مار کی،ڈاکٹر عارف علوی

منگل 25 جولائی 2017 21:22

مسلم لیگ (ن )اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں، دونوں نے اقتدار میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں ۔ دونوں نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ لوٹ مار کی ۔جس طرح عمران خان نے شریف خاندان کو کرپشن میں بے نقاب کیا اسی طرح سندھ میں خورشید شاہ کے آقا آصف زرداری کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔

سندھ کے وسائل لوٹنے والے اپنی جان بچانے کے لئے خورشید شاہ’’عمران خان کی نا اہلی‘‘ کا خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ زرداری لیگ اور ان کے کرپٹ ٹولے کو اچھی طرح معلوم ہے کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی عوامی جدوجہد سے شروع ہونے والا احتساب اب کسی صورت بھی رکنے والا نہیں ۔

(جاری ہے)

اس احتساب کے شکنجے میں مزید بڑے بڑے مگر مچھ آئیں گے۔

یہ باتیں انہوں نے اندرون سندھ کے دورے سے واپسی کے موقع پر پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں ایک اخبار کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما الیاس شیخ ، دیوان سچل، دوا خان صابر، قادری بھائی، ڈاکٹر سنجے او ر دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی پورا سندھ موئن جو دڑو ا منظر پیش کر رہا ہے ۔

سڑکیں کھنڈرات ، تعلیم اور صحت کا دور دور تک نام و نشان نہیں ہے۔ آج سندھ کا نوجوان ڈگریاں لے کر روزگار کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی نے غریب سندھیوں سے آج آخری نوالا بھی چھین لیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کے درباری روزانہ صبح شام چیئرمین عمران خان پر تنقید کے نشتر چلا کر شریف خاندان کی چوری چھپا نہیں سکتا۔

ن لیگ کے درباریوں کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحادی مولانا فضل الرحمان اور حاصل بزنجو بھی اقتدار کے مزے لوٹنے کو طول دینے کے لئے تحریک انصاف پر تنقید کر رہے ہیں ۔ ہم پر تنقید کرنے سے پہلے ان اتحادیوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے ۔اگر حکمرانوں کی کرپشن بے نقاب کرنا جرم ہے تو یہ جرم ہم کرتے رہیں گے۔ غریب عوام کے خون پسینے کے ٹیکس کے پیسے حکمرانوں کو مزید لوٹنے نہیں دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے سندھ سے نیب کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ تحریک انصاف اس نئے قانون کے خلاف سیاسی اور قانونی جدوجہد کرے گی اور کسی طور پر بھی زرداری لیگ کو سندھ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔

متعلقہ عنوان :