وزیر اعظم نازک صورت حال سے دو چار ہیں، حالات کی مزید خرابی سے پہلے نواز شریف اپنا متبادل لے آئیں، اقامہ رکھنا جرم نہیں مگر اقامہ چھپانا جرم ہے، جب بھی جمہوریت اور پارلیمنٹ کو خطرہ ہوا ہم نے جمہوریت و پارلیمنٹ کو بچایا، اب یہ ذمہ داری نواز شریف کی ہے کہ وہ جرات دکھائیں اور جمہوریت کیلئے قربانی دیں

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 25 جولائی 2017 21:18

وزیر اعظم نازک صورت حال سے دو چار ہیں، حالات کی مزید خرابی سے پہلے نواز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نازک صورت حال سے دو چار ہیں،اس سے پہلے کہ حالات مزید خراب ہوں نواز شریف کو اپنا متبادل لے آنا چاہئے، اقامہ رکھنا جرم نہیں مگر اقامہ چھپانا جرم ہے، جب بھی جمہوریت اور پارلیمنٹ کو خطرہ ہوا ہم نے جمہوریت و پارلیمنٹ کو بچایا اور اب یہ ذمہ داری نواز شریف کی ہے کہ وہ جرات دکھائیں اور جمہوریت کیلئے قربانی دیں،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 60 ہزار جوان شہید کروائے پھر بھی دنیا ہم پر الزام تراشی کر رہی ہے اور یہ خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔

منگل کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نازک صورت حال سے دو چار ہیں اور اس سے پہلے کہ حالات مزید خراب ہوں نواز شریف کو اپنا متبادل لے انا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال سے اداروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقامہ رکھنا جرم نہیں مگر اقامہ چھپانا جرم ہے اور جے ائی ٹی کی رپورٹ میں تو بہت سے دیگر معاملات بھی قابل گرفت ہیں اور اگر پانچ میں سے دو ججز کے فیصلے کو دیکھا جائے اور پھر جے آئی ٹی کی تحقیقات کو دیکھا جائے تو معاملہ بہت واضع ہو جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساٹھ ہزار جوان شہید کروائے پھر بھی دنیا اس حوالے سے ہم پر الزام تراشی کر رہی ہے اور یہ خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی جمہوریت اور پارلیمنٹ کو خطرہ ہوا ہم نے جمہوریت و پارلیمنٹ کو بچایا اور اب یہ ذمہ داری نواز شریف کی ہے کہ وہ جرات دکھائیں اور جمہوریت کیلئے قربانی دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ٹائمنگ بہت اہم ہے اور وقت کو دیکھتے ہوئے نواز شریف کو اب بہتر فیصلہ کر لینا چاہئے۔