ڈاکٹر مجید نظامی کے قلم کی روشنائی اہل وطن کے دل و دماغ کو رہتی دنیا تک منور کرتی رہے گی،وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈاکٹر مجید نظامی کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام

منگل 25 جولائی 2017 21:08

ڈاکٹر مجید نظامی کے قلم کی روشنائی اہل وطن کے دل و دماغ کو رہتی دنیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجید نظامی ایک نڈر، بیباک صحافی اورصحافت کے میدان میں اپنی مثال آپ تھے۔مجید نظامی مرحوم ایک عہد ساز شخصیت تھے اور ان کا کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ڈاکٹر مجید نظامی سچے انسان تھے اور بلا خوف اپنی بات کہنے کی قدرت رکھتے تھے اور ملکی اور قومی معاملات میں کمال درجے کی بصیرت رکھتے تھے ۔

مثبت اور نظریاتی صحافت کے فروغ میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے روزنامہ’’نوائے وقت‘‘ کے ایڈیٹراور مقتدر صحافی ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی تیسری برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی نے ملک میں جمہوریت کی سربلندی اورآئین کی بالادستی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہر دور میں حکمرانوں کا کڑا احتساب کیا اور عوام کی ہر مرحلے پر رہنمائی کی۔

ڈاکٹر مجید نظامی پاکستان کی نظریاتی اساس کے امین تھے اور تمام عمر ملک میں جمہوریت اورجمہوری اقدار کے استحکام کیلئے کوشاں رہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی نے نظریہ پاکستان کے تحفظ اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی فلاح وبہبود کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ڈاکٹر مجید نظامی کے قلم کی روشنائی اہل وطن کے دل و دماغ کو رہتی دنیا تک منور کرتی رہے گی۔ میں آج بھی ڈاکٹر مجید نظامی کی شفیق اور راہنما شخصیت کی کمی محسوس کرتا ہوں۔