ساہیوال پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے نوجوان تمام توانائیاں صرف کر دیں ۔ صوبائی وزیر رضا علی گیلانی

منگل 25 جولائی 2017 20:46

ساہیوال پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے نوجوان ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کو دنیا میں با عزت مقام دلانے اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں اور احساس کمتری کی بجائے محنت کو اپنا شعار بنائیں -وہ یہاں ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک2017ء کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز کو امتحانات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے -انہو ںنے کہا کہ نوجوان شارٹ کٹ کی بجائے اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھیں اور اپنے ٹیلنٹ کا بھر پور فائدہ اٹھائیں -انہو ںنے اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ صرف ہونہار بچوں پر ہی توجہ نہ دیں بلکہ کمزور بچوں پر بھی بھر پور توجہ دیں تا کہ انہیں بھی معاشرے میں ترقی کے یکساں مواقع مل سکیں -انہوں نے زورد یا کہ نوجوان نسل ملک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ پر توجہ نہ دیں اور اپنے عناصر کو معاشرے میں مایوسی پھیلانے سے روکیں -صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی نے سی پیک کو ملک کے لئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے اپنی بندر گاہوں کی وجہ سے ترقی کی جہاں صرف 67برتھیں ہیں جبکہ گوادر میں 120برتھیں ہیں -جس سے ملک میں روز گار اور ترقی کی راہیں کھلیں گی -تقریب میں مناہل اقبال کو 1083نمبر حاصل کرنے پر پہلی پوزیشن کا انعام دیا گیا جبکہ افشاں اکرم نے 1082نمبروں کے دوسری پوزیشن پر رہی،عروبہ تہور ،شاہانہ اورسویرا اسلم کو مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن کے انعامات دیئے گئے -اس سے پہلے بورڈ کے سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار علی اور کنٹرولر طاہر حسین جعفری نے بورڈ کے بارے میں تفصیلات بتائیں -