Live Updates

نااہلی کیس ، عمران خان نے انکم ٹیکس گوشواروں کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کر دیا

عمران خان کا پروفیشنل کرکٹ کے علاوہ آمدن کا کوئی ذریعہ نہیں تھا،نعیم بخاری آپ کے پہلے اور اب کے مؤقف میں فرق ہے،چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس عدالت نے عمران خان کو لندن فلیٹ کی ادائیگیوں اور برطانیہ آسٹریلیا میں کرکٹ آمدن کا ریکارڈمتفرق درخواست کے ساتھ جمع کرانے کا حکم سماعت31 جولائی تک ملتوی

منگل 25 جولائی 2017 20:27

نااہلی کیس ، عمران خان نے انکم ٹیکس گوشواروں کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) نااہلی کیس کی سماعت ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انکم ٹیکس گوشواروں کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کر دیا،عمران خان کے وکیل نعیم بخاری کہتے ہیں عمران خان کا پروفیشنل کرکٹ کے علاوہ آمدن کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ آپ کے پہلے اور اب کے مؤقف میں فرق ہے۔

عدالت نے عمران خان کو لندن فلیٹ کی ادائیگیوں اور برطانیہ آسٹریلیا میں کرکٹ آمدن کا ریکارڈ متفرق درخواست کے ساتھ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی تین رکنی بنچ میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے انکم ٹیکس گوشواروں کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کر دیا، عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل میں کہا کہ لندن فلیٹ کی خریداری سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنا ہے، لندن فلیٹ کی ادائیگی اور آسٹریلیا برطانیہ میں کرکٹ آمدن کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میڈیا کس انداز سے چیزوں کو پیش کرتا ہے اس سے سروکار نہیں، لندن فلیٹ کی خرداری سے متعلق دستاویز اپنے اطمینان کے لیے طلب کیں، درخواست گزار نے لندن فلیٹ خریداری میں منی لانڈرنگ کا الزام نہیں لگایا، درخواست گزار کا الزام یہ ہے کہ عمران خان نے آف شور کمپنی کا بینیفشل مالک ہونا تسلیم کیا، آف شور کمپنی کو ظاہر نہ کر کے عمران خان صادق اور امین نہیں رہے، ہماری دلچسپی اس حد تک ہے کہ عمران خان کے اکاونٹ میں فلیٹ خریداری کے وقت کتنے رقم موجود تھی، فلیٹ خریداری کی رقم بذریعہ بنک ادا کی گئی۔

پی ٹی آئی وکیل نے بتایا 75 ہزار ڈالر منتقل ہوئے تو ڈالر اور پاؤنڈ کا ریٹ برابر تھا، انٹرسٹ کی رقم شامل کر کے فلیٹ کی قیمت ایک لاکھ 61 ہزا رپاؤنڈ ہو گئی،نعیم بخاری نے بتایا عمران خان 1971سے 1976 تک ووسٹرشائرکی جانب سے کھیلتے رہے اس کے علاوہ 1977 سے 1979 تک کیری پیکرکرکٹ کھیلی، ماجدخان،ظہیرعباس،آصف اقبال نے بھی کیری پیکرکرکٹ کھیلی، عمران خان کو آسٹریلیااورلندن میں کرکٹ آمدن کاریکارڈمل گیا،لیکن ووسٹرشائرسے ملنے والے پیسوں کاریکارڈدستیاب نہیں،پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایاعمران خان نے 85-1984 میں آسٹریلیاکی جانب سے 2سیزن کرکٹ کھیلی۔

جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا تمام دستاویزات متفرق درخواست کیساتھ جمع کرا دیں اس پر نعیم بخاری کی جانب سے بتایا گیا تمام منی ٹریل سامنے آ چکی ہے،چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا درخواست گزار کی استدعامنی لانڈرنگ سے متعلق نہیں ہے، نعیم بخاری نے بتایا درخواست میں الزام ہے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کاغلط فائدہ اٹھایا گیا، عمران خان کاپروفیشنل کرکٹ کے علاوہ آمدن کاذریعہ نہیں تھا،، وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ جمائمہ خان نے 4 کروڑ 8 لاکھ روپے پاکستان بھیجی، عمران خان نے جمائمہ کو قرض سے زیادہ پیسے ادا کیے، یہ میاں بیوی کے درمیان معاملہ ہے، چیف جسٹس نے کہا 26 ہزار ڈالر کی جمائما اور راشد خان کے درمیان سیٹلمنٹ کا کوئی دستاویز ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے غیر مصدقہ دستاویز پیش کی گئیں، تصدیق کرائی جائے، چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی خود ساختہ دستاویز عدالت میں کیوں جمع کرائے گا، وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ قطری خط پیش کرنے پر کس قسم کی شرمندگی دوسرے فریق کو اٹھانی پڑی، اس لیے خود ساختہ دستاویز کیسے دے سکتے ہیں، عمران خان کا موقف درست ہے وہ فلیٹ فروخت کر کے پیسہ پاکستان لائے، چیف جسٹس نے کہا اس طرح کے مقدمات کو جلد نمٹانا چاہتے ہیں،تا کہ عام لوگوں کے مقدمات کو سن سکیں۔عمران خان نا اہلی کیس کی سماعت31 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات