جماعت اسلامی نے عوامی رابطوں کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کی ٹیم کے سربراہوں کو اسلام آباد میں جمع کرلیا ،سراج الحق نے ،،جمود ،، کی تبدیلی کو ترجیح قراردیدیا

سوشل میڈیا مو جودہ استحصالی نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کرادار اداسکتا ہے، موجودہ دور کا سوشل میڈیا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے یہ ہتھیار بندوق اور تلوار سے بھی زیادہ موثر ہے، سراج الحق کا مشاورتی تقریب سے خطاب

منگل 25 جولائی 2017 19:47

جماعت اسلامی نے عوامی رابطوں کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کی ٹیم کے سربراہوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان نے سوشل میڈیا سے بھی عوامی رابطوں کے فروغ کے لئے سوشل میڈیا کے ٹیم ہیڈز کو اسلام آباد میں جمع کرلیا سینیٹر سراج الحق نے ،،جمود ،، کی تبدیلی کو ترجیح قراردیدیا اور واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا مو جودہ استحصالی نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کرادار اداسکتا ہے، موجودہ دور کا سوشل میڈیا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے یہ ہتھیار بندوق اور تلوار سے بھی زیادہ موثر ہے۔

منگل کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے یہاں جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ سوشل میڈیاکے مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا ۔ اجلاس میں ملک بھر سے شعبہ سوشل میڈیا کے ٹیم ہیڈز نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا اور خاص طور پر سوشل میڈیا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے یہ ہتھیار بندوق اور تلوار سے بھی زیادہ موثر ہے اس کے ذریعے لوگوں کے دلوں اور سوچ کو بدلا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستانی معاشرے کی برائیوں کو درست کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے کامل یکسوئی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سٹیٹس کو تبدیل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے اگرچہ یہ مشکل کام ہے کیونکہ پانی کے بہائو میں بہنا آسان کام ہے لیکن اس کے مخالف تیرنا یا اس کے آگے بند باندھنا انتہائی مشکل کام ہے اور سٹیٹس کوکو چیلنج کرنا دراصل ایک مشکل کام ہے لیکن جماعت اسلامی اس میںکامیاب ہوگی ۔

انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم اپنے شعبے میں بھر پور انداز میں کام کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام طبقہ ہائے زندگی کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرے اور جماعت اسلامی کی سوچ اور سلوگن کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر انہوںنے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے کہا کہ سوشل میڈیا آج کے دور میں عوامی رابطوں کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے جس کو بہتر اور موثر انداز میں استعمال کرکے ملک میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کی رائے کو جانچنا اور مثبت انداز میں ان کے سوالوں کے جواب دینا ضروری ہے تاکہ لوگوں کے ذہنوں پر اچھے اثرات مرتب کئے جاسکیں ۔