دھماکے کے سہولت کاروں کی نشاندہی ،جلد گرفتاری کیلئے تمام اضلاع میں کومبنگ آپریشنز شروع کئے جا چکے ‘کیپٹن (ر) عثمان خٹک

لاہور میں پولیس کو براہ راست دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ، سفاک کاروائی میں ملوث عناصر کو بہت جلدبے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا قائمقام آئی جی پنجاب کی جنرل ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت ، خیریت دریافت کرنے کے ساتھ پھولوں کے گلدستے بھی دیئے

منگل 25 جولائی 2017 19:44

دھماکے کے سہولت کاروں کی نشاندہی ،جلد گرفتاری کیلئے تمام اضلاع میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان خٹک نے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیاں پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کے حوصلے اور جذبے پست نہیں کرسکتیں ، کوٹ لکھپت فروٹ منڈی دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکار پنجاب پولیس کا فخر ہیں جن کی قربانی پولیس فورس کیلئے مشعل راہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال میں زیر علاج کوٹ لکھپت فروٹ منڈی دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کے دوران کیا ۔ قائم مقام آئی جی پنجاب عثمان خٹک باری باری ہر زخمی کے پاس گئے اور اسکی خیریت دریافت کی اور گلدستہ بھی دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کی سفاک کاروائی میں ملوث عناصر کو بہت جلدبے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

قائم مقام آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پنجاب پولیس کے جوان ملک و قوم کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران دہشت گردوں نے لاہور میں پولیس کو براہ راست دوسری مرتبہ نشانہ بنایا ہے لیکن پنجاب پولیس کے عزم و حوصلہ میں ذرہ برابر کمی نہیں آئی بلکہ شہدا کی قربانی نے پوری فورس کو نیا جوش اور ولولہ عطا کیا ہے اوراس بات کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ دھماکے کے فوری بعد شہید اور زخمی اہلکاروں کی جگہ پولیس کے دیگر جوان ڈیوٹی پر کھڑے دشمنوں کو یہ پیغام دے رہے تھے کہ ان کی بزدلانہ کا روائیاں ہمیں ملک وملت کے تحفظ سے نہیں روک سکتیں ۔

کوٹ لکھپت فروٹ منڈی دھماکے کے سہولت کاروں کی نشاندہی اور جلد از جلد گرفتاری کیلئے لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں کومبنگ آپریشنز شروع کئے جا چکے ہیں اور بہت جلد معصوم شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک قاتل قانون کی گرفت میں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :