وزیراعلیٰ شہبازشریف کا اتفاق ہسپتال کا دورہ، زخمیوں کی عیادت ،افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں

زخمیوں کا مکمل صحت یابی تک ہرممکن خیال رکھا جائے،ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت آپ کے پیاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زخمی افراد کے لواحقین کو یقین دہانی بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ، معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسانیت کے دشمن اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے‘شہباز شریف

منگل 25 جولائی 2017 19:42

وزیراعلیٰ شہبازشریف کا اتفاق ہسپتال کا دورہ، زخمیوں کی عیادت ،افسوسناک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے منگل کے روز صبح اتفاق ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زیرعلاج کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور انہیں دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی فرداً فرداً خیریت دریافت کی اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ زخمیوں کی بہترین نگہداشت کی جائے اور ان کا مکمل صحت یابی تک ہرممکن خیال رکھا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کے لواحقین کو دلاسہ دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے پیاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور میں ذاتی طور پر ہسپتالوں میں زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز لاہور میں دہشت گردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں معصوم لوگوں اور پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی اقوام عالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے بھی اس جنگ میں بے مثال جرأت اور دلیری کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس المناک واقعہ نے ہر پاکستانی کو رنجیدہ اورہر آنکھ کو اشکبار کیا ہے۔ پوری قوم کی ہمدردیاں شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسانیت کے دشمن اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے اور قوم شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لے گی۔

دہشت گردی کی جنگ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میںبہنے والا خون رنگ لائے گا اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میںلازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ نے اتفاق ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کے ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہسپتالوں میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر میں ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکرگزار ہوں۔