ہم زرعی ملک ہونے کے باوجود 12 ارب روپے سے زائد کے خوردنی مصالحے ، ناریل اور چائے درآمد کرتے ہیں ،قائم مقام صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

منگل 25 جولائی 2017 19:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) ہماری بد قسمتی ہے کہ ہم زرعی ملک ہونے کے باوجود 12 ارب روپے سے زائد کے خوردنی مصالحے ، ناریل اور چائے وغیرہ درآمد کرتے ہیں، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس شہر کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت حاضر ہے لیکن اس کیلئے تاجروں کو ترجیحی طور پر فیصل آباد چیمبر کی رکنیت حاصل کرنا ہوگی۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر رانا سکندر اعظم نے گول کریانہ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی جس نے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گول کریانہ کے زیادہ تر تاجر ٹیکس گزار اور نیشنل ٹیکس نمبر رکھتے ہیں اس لئے ان کیلئے فیصل آباد چیمبر کی رکنیت حاصل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل آباد چیمبر کے ممبر بن کر اپنے مسائل کو اعلیٰ سطح پر اٹھانے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور ان کے سربراہوں سے بھی بآسانی بات چیت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر میں ایک فالو اپ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو مختلف محکموں کے افسران کے نوٹس میں لائے جانے والے مسائل کی ان کے حل تک مانیٹرنگ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے درآمدی تاجر مختلف اشیاء فیصل آباد ڈرائی پورٹ کے ذریعے منگواتے ہیں مگر اس سلسلہ میں پیدا ہونے والے ان کے مسائل کو مقامی کسٹم کلکٹر یٹ میں ہی حل کرنے کی بجائے کراچی بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر زیادتی ہے اور اس سلسلہ میں مقامی کسٹم کلکٹر کو توجہ دلائی جائیگی تا کہ وہ ان کے تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے فیصل آباد میں ہی ضروری انتظامات کر سکیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اگر اس سلسلہ میں وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کرنا پڑا تو ایسا بھی کیا جائیگا انہوں نے درآمدی مال کو اندرون ملک ٹرانسپورٹیشن کے دوران یا ان کے گوداموں اور دوکانوں پر چیک کرنے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ سمگلنگ کو روکنے کیلئے سرحدوں پر سخت انتظامات کئے جائیں کیونکہ اندرون ملک ایسا کرنے کا مقصد دراصل کرپشن کے دروازں کو کھولنا ہے۔ درآمدی تاجروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس سلسلہ میں ان کی کلکٹر کسٹم سے ملاقات کا بندوبست کرائے۔

متعلقہ عنوان :