Live Updates

کرپشن کے خلاف جنگ میں عمران خان ہی مرد میدان ہوں گے، تقدیر بدلنے کی ٹھان لی ہے‘ عبدالعلیم خان

آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا ،عوام پی ٹی آئی کا ساتھ دینگے‘ چیئرمین سیکرٹریٹ میں گفتگو

منگل 25 جولائی 2017 18:27

کرپشن کے خلاف جنگ میں عمران خان ہی مرد میدان ہوں گے، تقدیر بدلنے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف جنگ میں عمران خان ہی مرد میدان ہونگے،جھوٹ اور فریب کی سیاست کرنے والوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے لاہور چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلا ع کے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ سے نام بھی کمایا اور دولت بھی، ملک وقوم نے جتنی عزت دی، چاہتے تو اپنی نسلوں کا مقدر سنوار سکتے تھے لیکن انہوں نے قوم کی تقدیر بدلنے کی ٹھان لی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کینسر ہسپتال جیسا عظیم تحفہ دیا جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں نمل یونیورسٹی کی صورت میں نئی نسل کا روشن مستقبل بنانے کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان منصوبوں میں کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتا، عوام پورے ملک میں ایسا ہی کرپشن سے پاک صاف ستھرا نظام چاہتے ہیںچند مفاد پرستوں کے سواپوری قوم عمران خان کو مسیحا سمجھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف آواز بلند کرنے پر بوکھلاہٹ کا شکار حکمران خاندان اور درباری وزراء کی فوج عمران خان کیخلاف الزامات کی پٹاری کھول کر بیٹھ جاتی ہے،یہ لوگ نہ صرف عدالتوں بلکہ عوام کی نظروں میں بھی رسوا ہونگے،آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے غاصب حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے،ان سے نجات کے بعد پی ٹی آئی نئے پاکستان کی جانب قدم بڑھائے گی،ماضی میں لوٹ مار کرکے بھاگ جانے والو ں کو اس بار فرار ہونے کا موقع نہیں ملے گا،ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی کیخلاف کارروائی سے نواز خاندان کی کرپشن میں حصہ دار بننے والے دیگر سرکاری افسروں کو بھی سبق سیکھ لینا چاہیے،حکمرانوں کے بعد ان کی باری بھی آنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گراس روٹ لیول پر کام شروع کردیا ہے،عوامی رابطہ مہم میں بھی تیزی لائی جارہی ہے،ملک کا مقدر سنوارنے کیلئے ہر باشعور شہری عمران خان اور پی ٹی آئی کا ساتھ دیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات