جنرل ہسپتال میں تاحال 39زخمی زیر علاج ،خصوصی دیکھ بھال کیلئے اضافی عملہ تعینات

آخری زخمی کے صحت یاب ہونے تک ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ رہے گی‘پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب

منگل 25 جولائی 2017 18:08

جنرل ہسپتال میں تاحال 39زخمی زیر علاج ،خصوصی دیکھ بھال کیلئے اضافی عملہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) جنرل ہسپتال میںفیروز پورروڈ خود کش دھماکے کی39زخمی تا حال زیر علاج ہیں۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب کے مطابق شعبہ ایمرجنسی میں اضافی ڈاکٹرز و طبی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جو زخمیوں کی 24گھنٹے دیکھ بھال میں مصروف ہے منگل کے روز مریضوں کے لواحقین کو ایل جی ایچ انتظامیہ کی طرف سے ناشتہ و کھانا بھی مہیا کیا گیا ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر سکندر ر حیات گوندل کے ہمراہ پرنسپل پی جی ایم آئی نے زخمیو ںکے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جا رہی ہیں اور آخری زخمی کے صحت یاب ہونے تک ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ رہے گی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر غیاث النبی طیب نے مریضوں سے ان کی صحت سے متعلق بھی دریافت کیا اور انہیں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کوثر پروین نے پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز کی طرف سے ایمرجنسی کی صورتحال میں کیے گئے کام کو سراہا۔

اس موقع پر مریضوں کے لواحقین نے جنرل ہسپتال میں دی جانے والی سہولتوں کی تعریف کی اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں خود کش دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایمر جنسی نافذ کر دی گئی تھی اور لائی گئی ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کیلئے فوری ہنگامی اقدامات کیے گئے تھے جنرل ہسپتال نے لواحقین کیلئے فون نمبر042-99264117پر معلومات کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :