ْسیاسی و معاشی استحکام ترقی یافتہ خوشحال پاکستان کے لیے نا گزیر ہے ،چوہدری محمدبرجیس طاہر

2018 ء کے انتخابات میں عوام ایک بار پھر محمدنوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے، مخالفین کو محض اپنے ذاتی مفادات کی خاطر پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کو دائو پر نہیں لگانا چاہیے،بیان

منگل 25 جولائی 2017 18:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کو قائم رکھنا پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے انتہائی ناگزیر ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام محمدنوازشریف کی قیادت پر بھرپوراعتماد کرتے ہیں جس کا بھرپور اظہار وہ ایک مرتبہ پھر 2018 ء کے عام انتخابات میں کریں گے اور وزیراعظم نوازشریف پاکستان کو دُنیا کے صف اول کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پاکستان کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو یہ امر بخوبی واضح ہو جاتا ہے کہ جب جب جمہوری حکومتوں کو غیر قانونی ،غیر آئینی اورغیر جمہوری طریقے سے ختم کیا گیا تو اُس کے پاکستان کی سیاسی و معاشی حیثیت پر بڑے منفی اثرات مرتب ہوئے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے محض جے آئی ٹی کی رپورٹ کوبنیاد بنا کر وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا ایک غیر جمہوری اور غیر قانونی فعل ہے جو کہ سمجھ سے بالا تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس سے متعلق سماعت مکمل ہو چکی ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے وزیراعظم کے خلاف استعفے کا پروپیگنڈا کرنا مخالفین کی جانب سے درحقیقت سپریم کورٹ پر عدم اعتماد کاا ظہار ہے،انہوں نے کہا کہ مخالفین کو منفی سیاست کی بجاے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں اور پانامہ کیس سے متعلق وزیراعظم کی جانب سے اداروں پر اثر انداز ہونے کے اپوزیشن کے تمام تر خدشات اور الزامات غلط ثابت ہوئے ہیں اور وزیراعظم نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کی خاطر جے آئی ٹی کے خلاف اپنے تمام تر تحفظات کے باوجود پیش ہوئے اور اپنے موقف کو واضح کیا۔

انہوںنے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ آخر پانامہ کیس کے ضمن ہونے والے پروپیگنڈے میں یہ بھی تو بتایا جائے کہ نوازشریف نے آخر کس منصبوے میں خدانخواستہ کس قسم کی کرپشن کی ،ان کا تو یہ کردار ہے کہ موجودہ دور حکومت میں انہوں نے اپنی دیانت اور ایمانداری اور شفاف پالیسیز کی بدولت ملک و قوم کے اربوں روپے کی بچت کی ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ایک محب وطن اور سچے پاکستانی ہیںجنہوں نے آج چار سال کے قلیل عرصے میں ملک کو اپنے پائوں پر لاکھڑا کیاہے ۔امن وامان ،معاشی استحکام اور توانائی بحران کے خاتمے میں محمدنواز شریف کے کردار کو عالمی سطح پر سہراہا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ مخالفین کو محض اپنے ذاتی مفادات کی خاطر پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کو دائو پر نہیں لگانا چائیے اور انہیں 2018 ء کے انتخابات کا انتظار کرنا چائیے جب سب کی کارکردگی کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ کس قیادت نے پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام دلاتے ہوئے خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا اور کس قیادت نے پاکستان کو پیچھے لے جانے کی مذموم کوشش کی۔

متعلقہ عنوان :