ووٹ کا استعمال قومی فریضہ ہے ،ووٹ کا صحیح استعمال ملک اور قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ

منگل 25 جولائی 2017 18:01

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ عبدالزبیر نے کہا ہے کہ ووٹ کا استعمال ایک قومی فریضہ ہے اور عوام کو چاہئے کہ وہ ووٹ کا صحیح استعمال کریں کیونکہ ووٹ کا صحیح استعمال ملک اور قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کواپنی قیادت میں الیکشن آفیس سے مکللی پریس کلب تک ووٹرز آگہی مہم کے متعلق نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے عوام باالخصوص سیاسی و سماجی، سول سوسائٹی کے نمائندوں، صحافی برادری اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ مرد باالخصوص خواتین میں زیادہ سے زیادہ ووٹ کی اہمیت کے متعلق آگہی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کوئی کسر نہ چھوڑیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں اور الیکشن کے دوران اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کا ووٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ خواتین کے ووٹ کا اندراج بہت کم ہے اور وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرنے سے بھی محروم ہیں اس لئے ہم سب کو چاہیے کہ مل کر ضلع کے ہر شہر، گاں، دیہات اور مختلف علاقوں میں جاکر اس قسم کی بھرپور ووٹر آگہی مہم چلائیں تاکہ کوئی بھی اپنے ووٹ کے اندراج اور اس کے استعمال سے محروم نہ رہ جائے۔ ریلی سے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی کے علاوہ صحافیوں، سول سوسائٹی اور خواتین رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر الیکشن آفیسر دین محمد ترک اور دیکر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :