سانحہ فیروز پور روڈ ،لاہور ہائیکورٹ بار کا ہنگامی مذمتی اجلاس ،

شہداء کی بلندی درجات، زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا وحشی درندوں نے معصوم جانوں کو خون میں نہلا دیا،سکیورٹی اداروں کو مزید فعال ،شہداکے ورثا ،زخمیوں کی مالی معاونت کا مطالبہ

منگل 25 جولائی 2017 16:29

سانحہ فیروز پور روڈ ،لاہور ہائیکورٹ بار کا ہنگامی مذمتی اجلاس ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) سانحہ فیروز پور روڈ میں ہونیوالی ہلاکتوں پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی مذمتی اجلاس صدر چوہدری ذوالفقار علی کی زیر صدرات منعقد ہوا جس میں نائب صدر راشد جاوید لودھی اور فنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ سمیت وکلاکی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ چوہدری ذوالفقار علی نے ملک میں یکے بعد دیگرے وقوع پذیر ہونے والے واقعات بالخصوص لاہور میں ارفع ٹار فیروز پور روڈ پر ہونے والی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وحشی درندوں نے معصوم جانوں کو خون میں نہلا دیا۔

انہوں نے سیکورٹی اداروں کو مزید فعال کرنے اور شہداکے ورثا اور زخمیوں کی مالی معاونت کا مطالبہ کیا۔ اجلاس سے محمد ظہیر بٹ ،لیاقت علی قریشی ایڈووکیٹ، محمد اسلم زار ، وسیم اے بھدر ایڈووکیٹ، محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں آزادی کے متوالے جب بھی انڈیا پر دبا بڑھاتے ہیں تو 7لاکھ انڈین آرمی کی موجودگی میں مودی سرکار بوکھلاہٹ میں را کے ذریعہ پاکستان میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ کر دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اگر پنجاب میں بھی دہشت گردوں پر قابو پانے کیلئے رینجر تعینات کر دی جاتی تو کراچی اور کوئٹہ سے کہیں بہتر پنجاب میں دہشت گردی ختم ہو چکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ارباب اقتدار کی حفاظت پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں اور انکا قافلہ سنسان سڑکوں میلوں تک پھیلا نظر آتا ہے۔ وطن عزیز کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں خون میں نہلا دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے پنجاب پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے پر حتی المقدور کوشش کرنے پر سراہا اور جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور شہریوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مناسب معاوضہ ادا کرنے اور سکیورٹی ایجنسیوں کو مزید فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔ آخر میں چوہدری ذوالفقار علی صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے شہداکی بلندی درجات ، لواحقین کے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :