پاکستانی کھلاڑی بہت با صلاحیت ہیں،

چیمپئنز ٹرافی جیت کر کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لو ہا منوایا ،محمد زبیر

منگل 25 جولائی 2017 16:04

پاکستانی کھلاڑی بہت با صلاحیت ہیں،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیجنڈ جہانگیر خان ، یونس خان ، وسیم اکرم ، وقار یونس سمیت دیگر ہمارے ہیروز ہیں ، پاکستانی کھلاڑی بہت با صلاحیت ہیں ، کرکٹرز زبردست محنت کررہے ہیں ، عالمی چیمپئنز شپ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لو ہا منوالیا ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم کو کسی بھی گرائونڈ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ،چیمپئن شپ جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ پروگرام ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ پروگرام سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے جنرل سیکریٹری محمد عامر خان ، پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہندی ، لیجنڈجہانگیر خان ، یونس خان ، راشد خان ، پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں سمیت ہزاروں افراد شریک تھے ۔

(جاری ہے)

پروگرام میں کھلاڑیوں کو انعامی رقم کے چیک ، گولڈ میڈل اور شیلڈ پیش کی گئیں ۔ گورنر سندھ نے بتایا کہ انھیں کرکٹ سے بے حد لگائو ہے اسی جذبہ کے تحت ایک دفعہ برطانیہ میں لارڈ کے گرائونڈ میں کمنٹری بھی کی تھی اس وقت پاکستان کے میچ میں وقار یونس کمنٹری کررہے تھے وقار یونس نے مجھے دیکھ کر کہا کہ آپ کیوں کمنٹری نہیں کرتے جس پر میں نے مائیک پر کمنٹری شروع کردی وہ ایک زبردست تجربہ تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچ ہارنے کے بعد دوبارہ اسی ٹیم سے میچ جیت کر بہت خوشی ہوتی ہے چیمپئن شپ میں بھی ہماری ٹیم بھارت سے میچ ہارگئی تھی ، پاکستان کے فائنل میں پہنچنے پر میرا دل بہت کررہا تھا کہ میں اوول گرائونڈ میں جاکر کمنٹری کروں ،پاکستانی ٹیم جیت رہی تھی تو مجھے بہت افسوس ہوا کہ وہاں کیوں نہیں گیا ۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ رمضان المبارک میں فائنل میچ میں پوری قوم کی دعائیں بھی کھلاڑیوں کے ساتھ تھیں ، وہ لمحہ جس کے لئے پوری قوم بے ہوتی ہے اس وقت کھلاڑیوں کے ساتھ پوری قوم کے دل بھی دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل میں بہت ضروری ہے کہ کھلاڑی کے نام سے کوئی اسٹائل یا اس کی آئوٹ کلاس پر فارمنس سے میچ منسوب ہو جائے ،جس طرح حسن علی نے اپنا اسٹائل بنایا وہ بہت مشہور ہو گیا ہے اسی طرح شاہد خان آفریدی کا اسٹائل بھی بہت مشہور ہے ،ہماری دعا ہے کہ حسن علی اسی طرح وکٹیں لیں اور اپنے مخصوص اسٹائل سے شائقین کرکٹرز کو محظوظ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا تجربہ بہت کامیاب رہا ، پی ایس ایل سے قومی ٹیم کو بہت اچھے کھلاڑی ملے ، اس طرح کی کرکٹ کی پاکستان کو بہت ضرورت ہے ۔پروگرام سے خطاب میں لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ انھیں کرکٹ سے خصوصی دلچسپی ہے اگر اسکواش نہ کھیلتا تو آج کرکٹر ہوتا ۔نوجوان کرکٹرز کو اپنے پیغام میں لیجنڈ کھلاڑی نے کہا کہ ہمیشہ سینئر کی عزت کرو اور ان سے سیکھنا ہوگا ،محنت اور لگن سے مقام حاصل کیا جا سکتا ہے ،ہماری سب کی یہی دعا ہے کہ کھلاڑی ملک و قوم کے لئے بڑے بڑے ایونٹس میں فاتح ہوں ، متحد ٹیم کا نتیجہ اچھا ہی نکلتا ہے ، آج سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم متحد ہے ، یونس خان ایک ممتاز کھلاڑی ہیں ۔

پروگرام سے خطاب میں لیجنڈ کرکٹر محمد یونس خان نے کہا کہ اپنی زبردست پذیرائی پر سب کو شکریہ ادا کرتا ہوں ، میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سنہری مستقبل دیکھ رہا ہوں کیونکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بہت با صلاحیت ہیں ، ہمیں اپنے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا خاص طور پر لڑکیوں کو بھی جن کی کھیلوں میں بہت ضرورت ہے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ یونس خان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا وہ ہمارے رول ماڈل ہیں ۔پروگرام کے آخر میں گورنر سندھ نے کھلاڑیوں کو تحائف ، انعامی رقم کے چیک اور گولڈ میڈل بھی دیئے ۔

متعلقہ عنوان :