بیٹی کی شادی کی شاپنگ کیلئے جانیوالے میاں بیوی بھی موت کے منہ میں چلے گئے

نیامت اپنی اہلیہ شہزادی بی بی کے ہمراہ اچھرہ جانے کیلئے گھر سے نکلا ،دھماکے کی زد میں آکر دونوں شہید ہو گئے

منگل 25 جولائی 2017 15:58

بیٹی کی شادی کی شاپنگ کیلئے جانیوالے میاں بیوی بھی موت کے منہ میں چلے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) بیٹی کی شادی کی شاپنگ کے سلسلہ میں جانے والے میاں بیوی بھی خود کش دھماکے کی زد میں آکر موت کے منہ میں چلے گئے ۔ والٹن کے رہائشی نیامت اور ان کی اہلیہ شہزادی بی بی اچھرہ بازار سے شاپنگ کرنے کیلئے گھر سے نکلے تھے۔

(جاری ہے)

ان کے صاحبزادے عثمان نے بتایا کہ میں دکان سے گھر واپس آیا تو بہنوں نے پوچھا بھائی فیروز پور روڈ کہاں ہے جس پر میں نے سوال کیا وہاں کیا ہے ،ان کے بار بار اصرار پر بتایا کہ جہاں امی اور ابو شاپنگ کرنے گئے ہیں وہ فیر وز پور روڈ ہی ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے چیخ و پکار شروع کر دی ۔

جب میں نے ٹی وی دیکھا تو خود کش دھماکے کی خبر چل رہی تھی جس پر میں نے اپنے کزن کو ساتھ لیا اور اپنے امی اور ابو کی تلاش میں نکلا ہی تھا کہ پولیس والے مجھے جناح ہسپتال لے گئے جہاں ڈیڈ ہائوس میں دونوں کی لاشیں پڑی تھیں ۔ عثمان نے کہا کہ میں گھر سے نکلتے ہوئے اپنی امی کو سلام کر کے نکلتا تھا اور جب تک وہ جواب نہیں دیتی تھیں میں پیار سے بار بار سلام کرتا رہتا تھا اور پھر وہ کہتی تھیں جا بیٹا خدا کے سپرد ۔ پہلے ابو مجھے دکان پر چھوڑ کر آتے اور لاتے تھے لیکن آج مجھے انہیں لانا پڑ گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :