دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے - دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ہاتھ ہے۔غیرملکی عناصرافغان سرزمین استعمال کرتے رہے تو دونوں ممالک متاثررہیں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں اہم سیکورٹی اجلاس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 25 جولائی 2017 15:49

دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے - دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 جولائی۔2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب نے مل کر جنگ لڑی اور دہشت گردی کے ایسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے جب کہ حالیہ دہشت گردی میں غیر ملکی عناصرکا کردار ہے۔ کورہیڈکواٹرزلاہور میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور دھماکے اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف کو لاہور میں ہونے والے دھماکے اور اہم سیکورٹی معاملات سمیت پنجاب میں آپریشن رد الفساد میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے دھماکے کے متاثرین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بطور قوم دہشت گردی کے خلاف لڑے ہیں اور اب تک دہشت گردی کے خلاف ہم سب نے مل کر جنگ لڑی دہشت گردی کے ایسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے جب کہ عوام مشکوک سرگرمی کی اطلاع دے کردہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں دہشت گردی کا شکار ہیں، لاہور اور کابل میں ایک ساتھ دھماکے ظاہرکرتے ہیں دہشت گرد دونوں کے دشمن ہیں جب کہ غیرملکی عناصرافغان سرزمین استعمال کرتے رہے تو دونوں ممالک متاثررہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی میں غیر ملکی عناصرکا کردار ہے جب کہ ہم دہشت گردی کے ماسٹرمائنڈز، سہولت کاروں کے رابطے توڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ جیسے پاکستان نے اپنی سرحدوں پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا ویسے ہی افغانستان کے سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے میں ان کی مدد کے لیے تیار ہے۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہسپتال میں فیروزپورروڈ خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہسپتال میں خود کش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی- اس موقع پر جنرل ہسپتال اور اس کے اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔آرمی چیف نے خود کش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں گلدستوں کا تحفہ پیش کیا۔