لاہور دھماکہ ، خودکش حملہ آور نے چند روز میں 3 رہائشگاہیں تبدیل کیں، 4 سہولت کار گرفتار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 جولائی 2017 15:14

لاہور دھماکہ ، خودکش حملہ آور نے چند روز میں 3 رہائشگاہیں تبدیل کیں، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2017ء) : لاہور دھماکے کے خود کُش حملہ آور سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آ گئیں۔ ان تفصیلات کے مطابق حملہ آور بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بھی مقیم رہا۔ حملے کو افغانستان میں بھی بھارتی قونصل خانے سے مانیٹر کیا جارہا تھا۔قومی اخبات میں شائع خبر کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے ارفع کریم ٹاور کے باہر خودکش دھماکے کے اہم شواہد اکٹھے کر کے دھماکے کے مبینہ 4 سہولت کاروں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تحقیقات کے مطابق خود کُش حملہ آور چند روزسے لاہور میں ہی مقیم تھا۔ دھماکے سے قبل حملہ آور نے 3 مختلف جگہوں پر قیام کیا۔ خود کُش حملہ آور کا ٹارگٹ سکیورٹی اہلکار تھے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور گندے نالے کی طرف سے موٹرسائیکل پر آیا۔جس کے بعد اس نے ایک جگہ پر کھڑے رہنے کے بعد ایک گاڑی میں پولیس اہلکاروں اور اس کے باہر کھڑی نفری کو ٹارگٹ کیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی فون کالز اور گرفتار سہولت کاروں کے بیانات سے معلوم ہوا کہ لاہور دھماکے کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را، موساد اور این ڈی ایس ہیں۔ پولیس اور حساس اداروں کے مطابق دھماکے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔