سعودی اتحادیوں کا قطری اور یمنی ’دہشت گرد‘ گروہوں کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان

منگل 25 جولائی 2017 14:29

سعودی اتحادیوں کا قطری اور یمنی ’دہشت گرد‘ گروہوں کو بلیک لسٹ کرنے ..
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے یمن، قطر اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے فلاحی اداروں اور کارکنوں کو اسلامی شدت پسندوں کے ساتھ مشتبہ تعلقات پر ’دہشت گرد‘ قرار دے کر بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں نو فلاحی اداروں اور نو دیگر افراد کو 'قطری انتظامیہ کے ساتھ بلاواسطہ یا بالواسطہ‘ تعلق رکھنے کے الزام کے ساتھ ’دہشت گرد‘ قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون میں قطر کی مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت اور ایران کے ساتھ روابط کی بنا پر تعلقات ختم کرتے ہوئے قطر کے سامنے کئی مطالبات رکھے تھے۔

(جاری ہے)

مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تین یمنی اورلیبیا کی چھ تنظیموں پر القاعدہ اور شامی گروہ کے ساتھ تعلقات کا الزام ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’قطر اور یمن کے تین، تین، لیبیا کے دو اور کویت کا ایک شہری شام کی جبہت النصرہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے مدد کرنے کے لیے فنڈ اکھٹا کرنے کی مہم چلانے میں ملوث ہیں۔

‘واضح رہے کہ کویت چار عرب ممالک کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ میں شامل نہیں ہے بلکہ وہ اس بحران کے خاتمے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔اس سے قبل گذشتہ دنوں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا تھا کہ وہ چار عرب ممالک کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں۔یہ بحران شروع ہونے کے بعد عوامی سطح پر اپنے پہلے خطاب میں شیخ تمیم بن حماد الثانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی حل کو قطر کی خود مختاری کا احترام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :