Live Updates

الیکشن کمیشن ،عمران خان کیخلاف توہین عدالت درخواست پر فیصلہ محفوظ،10 اگست کو سنایا جائے گا

منگل 25 جولائی 2017 13:53

الیکشن کمیشن ،عمران خان کیخلاف توہین عدالت درخواست پر فیصلہ محفوظ،10 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، 10 اگست کو سنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے باغی رہنما اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے جب کہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے توہین عدالت کی درخواست سننے سے متعلق الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں آج 5 رکنی کمیشن نے درخواست پر سماعت کی جس میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کیا۔بابر اعوان کا اپنے دلائل میںکہاکہ آئین کے مطابق ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ توہین عدالت کی کارروائی کر سکتے ہیں، توہین عدالت سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیارات کا کوئی ذکر نہیں۔

(جاری ہے)

بابر اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ 1976 کا توہین عدالت کا قانون ختم ہوچکا ہے، توہین عدالت کی کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کا قانون موجود ہونا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا بھی الگ سے قانون اور طریقہ کار ہے، آئینی اختیارات کے لیے قانون کا موجود ہونا بھی لازم ہے۔بابر اعوان نے مو قف اپنایا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کا مطالبہ غیرقانونی ہے، اگر الیکشن کمیشن کا درجہ ہائیکورٹ جتنا ہے تو پھر قواعد بھی ہائیکورٹس والے لاگو ہوں گے، الیکشن کمیشن پانچ میں سے کون سی عدالت کے قواعد پرچلے گا آئین میں الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل سے متعلق اختیارات دیئے گئے ہیں۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر اپنے دلائل مکمل کرلیے جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اسے 10 اگست کو سنانے کا اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات