Live Updates

الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ،ْ

دس اگست کو سنایا جائیگا

منگل 25 جولائی 2017 13:50

الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2017ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو دس اگست کو سنایا جائیگا ۔ منگل کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ فریقوں کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ 10 اگست تک محفوظ کرلیا۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار حاصل نہیں، اس کیلئے کمیشن کا اپنا قانون موجود ہونا ضروری ہے، 1976 کا توہین عدالت کا قانون ختم ہوچکا ہے اور آئین کے تحت صرف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ ہی توہین عدالت کی کارروائی کر سکتے ہیں لہذا الیکشن کمیشن سے عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ غیر قانونی ہے ،ْ آئین میں الیکشن کمیشن کو صرف انتخابی عمل سے متعلق اختیارات دئیے گئے ہیں جبکہ آرٹیکل 6 کے تحت غداری کامقدمہ چلانے کا بھی الگ سے قانون اور طریقہ کارہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔ فریقوں کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔سماعت ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کا مطالبہ غیرقانونی ہے اور الیکشن کمیشن کا درجہ آئین میں الگ نوعیت کا ہے، اگر یہ کہا جائے کہ الیکشن کمیشن کا درجہ ہائی کورٹ کے برابر ہے تو پھر قواعد بھی ہائی کورٹس والے لاگو کرنے پڑیں گے، لیکشن کمیشن عدالت اور مدعی ایک ہی بن گیا یہ کیسے ممکن ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کے خلاف متعدد بے بنیاد مقدمات قائم کئے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حقائق عدالت میں جمع کر وا دیئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات