عوام کو سازشوں کے ذریعے ورغلایا نہیں جاسکتا، نواب ثناء اللہ خان زہری

عوام ہی بہترجج ہیں اورصحیح فیصلہ کرنے کااختیار رکھتے ہیں پاکستانی قوم باشعور ہے اوروہ اچھی طرح سے جانتی ہے کہ کون ملک کو ترقی کی راہ پر لیجارہاہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 24 جولائی 2017 23:40

عوام کو سازشوں کے ذریعے ورغلایا نہیں جاسکتا، نواب ثناء اللہ خان زہری
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ عوام کو سازشوں کے ذریعے ورغلایا نہیں جاسکتاعوام ہی بہترجج ہیں اورصحیح فیصلہ کرنے کااختیار رکھتے ہیں پاکستانی قوم باشعور ہے اوروہ اچھی طرح سے جانتی ہے کہ کون ملک کو ترقی کی راہ پر لیجارہاہے اورکون ترقی کے خلاف سازش کررہاہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے یوتھ موبلائزیشن پروگرام کے تحت تربت،گوادر،لسبیلہ اورلورالائی کی یونیورسٹیوں اوردیگرتعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی وزرأ سردارمحمداسلم بزنجو،شیخ جعفرخان مندوخیل،عبیداللہ جان بابت، سردار دُرمحمدناصر،محمدخان لہڑی،اراکین صوبائی اسمبلی نصراُللہ زیرے، میرعاصم کردگیلو، اکبرآسکانی،وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹرجمال شاہ کاکڑ،آغانواب شاہ اورڈپٹی میئر محمدیونس بلوچ بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے آغازمیں لاہوربم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہاریکجہتی اورشہدأ کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے ہمیشہ اداروں کااحترام کرتے ہوئے تصادم سے گریز کیاہے وہ اوراُن کاخاندان 19گریڈ کے افسر کی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کی غیرجانبداری مشکوک ہوگئی ہے عوام اورہمیں جے آئی ٹی پر اعتمادنہیں رہا تاہم ہمیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ وزیراعظم اورانکے خاندان کو انصاف فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2013ء سے پہلے اورہماری حکومت آنے کے بعد کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی رونماہوئی ہے بلوچستان یونیورسٹی کے طلباء کی تعداد جو اس وقت 2000تک پہنچ گئی تھی اب پندرہ سے بیس ہزارہے وزیراعظم محمدنوازشریف اورہماری مخلوط حکومت کے وژن کے تحت امن وامان کی صورتحال بہترہوئی ہے اورتعلیم سمیت ہرشعبہ میں ترقی ہورہی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ بدقسمتی سے جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے اورملک کو ٹریک پر ڈالنا شروع کرتی ہے تو اس کے خلاف کسی نہ کسی شکل میں سازشیں شروع ہوجاتی ہیں کبھی دھرنے اورکبھی لاک ڈاون کیاجاتاہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ فرد واحد کی خواہش سے نہ تو منتخب وزیراعظم کو ہٹایاجاسکتاہے اورنہ ہی سازشوں سے مسلم لیگ(ن) اورعوام کے تعلق کو ختم کیاجاسکتاہے وزیراعظم محمدنوازشریف اورہمیں نہ تو عوام سے دوررکھاجاسکتاہے اورنہ ہی عوامی خدمت سے کوئی روک سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ میڈیااورسوشل میڈیا کا دور ہے کوئی چیز ڈھکی چھپی نہیں اورنہ ہی عوام کو سازشوں کے ذریعے ورغلایاجاسکتاہے عوام ہی بہتر جج ہیں اورصحیح فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ مخالفین کو صبر کرناچاہیے بے صبری کی سیاست نے پہلے ہی ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے اوراب خدانخواستہ مزید نقصان ہوسکتاہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ2018ء کا الیکشن نزدیک ہے ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے اورایک بارپھراکثریت حاصل کریں گے عوام کی تائید وحمایت سے ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ احتساب فرد واحد نہیں بلکہ قوم اورعوام کرتے ہیں،وزیراعظم محمدنوازشریف نے توانائی کے بحران کو حل کیاملک بھرمیں سڑکوں کا جال بچھایابلوچستان کو اُن کی خصوصی توجہ حاصل ہے جس کی بدولت کوئٹہ سے تربت،گوادر،کراچی سے تربت گوادر،کوئٹہ سے ژوب لورالائی سمیت مختلف علاقوں میں شاہراہوں کی تعمیر سے فاصلے سمٹ کر رہ گئے ہیں پہلے جو سفر دنوں میں طے ہوتاتھا اب گھنٹوں میں طے ہوتاہے انہوں نے کہاکہ یہ ہے وہ ترقی جس سے مخالفین پریشان ہیں ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں ضرب العضب اورردالفساد آپریشن شروع کئے گئے جن سے دہشت گردوں کی کمرتوڑدی گئی اورآج ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اورمزید بہتری کی جانب جارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم ایسے کام کرکے جائیں گے کہ آنے والی حکومتیں اُن کی تقلید کریں اوراگر عوام نے خدمت کادوبارہ موقع دیا تو ترقی کا تسلسل برقراررہے گا انہوں نے کہاکہ وہ خود ہرعلاقے میں جاکر طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ دیں گے اس کے ساتھ ساتھ حکومت معیار تعلیم کی بہتری کے اقدامات جاری رکھے گی گھوسٹ سکولوں اوراساتذہ کے خلاف بھرپورکاروائی کی جائے گی اورکسی کو معاف نہیں کیاجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک اورصوبے کو اندھیرے اورپسماندگی میں دھکیلنے کی ہرسازش کو ناکام بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ نوجوان ہمارامستقبل ہیں انہی نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اپنے نوجوانوں کے چمکتے دمکتے چہرے روشن مستقبل کی نوید دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قوموں پر مشکل وقت ضرور آتے ہیں لیکن ان میں وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو بے خوف ہوکر حالات کا مقابلہ کرتی ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہم بھی انہیں قوموں میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو دہشت گردی سمیت مختلف قسم کے چیلنجوںکا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی اورباہمی اتحاد واتفاق کی جتنی ضرور ت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اوراپنے وطن اپنی آزادی اورخودمختاری کا دفاع ہم سب کی ذمہ داری ہے ہمیں یقین ہے کہ ہم پاکستان کو ایک متحد ،مضبوط اورترقی یافتہ ریاست بنانے میں جلد کامیابی حاصل کرلیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم اورمیرا وژن ہے کہ ہماری یوتھ کسی سے پیچھے نہ ہو اوراسے جدید تعلیم کے حصول کے تمام مواقع میسرہوں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک وہ وقت تھا جب بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں قومی ترانہ بجنے نہیں دیاجاتاتھا اورطلباء کوکتب تک میسر نہیں تھیں،آج تعلیم اورامن دشمن دیکھ لیں کہ بلوچستان کے نوجوان پہاڑوں کی بجائے یونیورسٹیوں میں جارہے ہیں ان کے ہاتھ میں بندوق نہیں قلم ،کتاب اورلیپ ٹاپ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب وہ وزیراعلیٰ نہیں تھے اوردیگر وزرأ اعلیٰ کولیپ ٹاپ تقسیم کرتے دیکھتے تھے تو اُن کا دل بھی چاہتاتھاکہ اپنے صوبے کے بچوں کو لیپ ٹاپ دیں اللہ پاک نے آج موقع دیاہے تو ہم نے اس سال لیپ ٹاپ اسکیم کیلئے 50کروڑروپے مختص کئے ہیں جس سے 10ہزاراہل طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے اوروہ خود ہرعلاقے میں جاکر لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ یوتھ موبلائزیشن پروگرام کی افادیت سے انکارممکن نہیں اس پروگرام سے نہ صرف مختلف صوبوں کے طلباء وطالبات کے درمیان رابطے مستحکم ہورہے ہیں بلکہ قومی یکجہتی کوبھی فروغ مل رہاہے۔وزیراعلیٰ نے یوتھ موبلائزیشن پروگرام کی کامیابی پر متعلقہ صوبائی حکام اورسدرن کمانڈ کومبارکباد دی اوران کی کوششوں کو سراہا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ اورصوبائی وزرأنے 150طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :