چوہدری نثار اور وزیراعظم میں ممکنہ مک مکا طے پا گیا

وزیر داخلہ کو خواجہ آصف کی جگہ ان کے منظور نظر رہنما کو عبوری وزیراعظم بنانے کی یقین دہانی کروا دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 24 جولائی 2017 21:16

چوہدری نثار اور وزیراعظم میں ممکنہ مک مکا طے پا گیا
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جولائی 2017ء ) چوہدری نثار اور وزیراعظم میں ممکنہ مک مکا طے پا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف اور سینئر صحافی عارف عباسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ کی جانب سے سانحہ لاہور کے باعث اپنی پریس کانفرنس ملتوی کی گئی ہے تاہم ان کی رائے میں ممکنہ طور پر چوہدری نثار اور وزیراعظم میں مک مکا طے پاگیا ہے۔

وزیر داخلہ کو خواجہ آصف کی جگہ ان کے منظور نظر رہنما کو عبوری وزیراعظم بنانے کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ کی جانب سے اب پریس کانفرنس کی تو جائے گی تاہم وہ وزارت سے یا پارٹی سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ اور وزیراعظم کے درمیان اختلافات عروج پر پہنچ گئے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کی جانب سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا گیا تھا۔

 وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو کہا تھا کہ ان کی ناتجربہ کار مشیروں نے انہیں مشکلات کا شکار کیا ہے۔ انہیں اب کوئی معجزہ ہی نااہلی سے بچا سکتا ہے۔ جبکہ اس اجلاس کے بعد وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا تھا کہ جس میں توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ وہ مستعفیٰ ہونے کا اعلان کریں گے۔ تاہم اب تک وزیر داخلہ 2 مرتبہ پریس کانفرنس معطل کر چکے ہیں۔