نواز شریف کی پانامہ کیس میں عدالت عظمیٰ سے ممکنہ نااہلی

سابق صدر پرویز مشرف نے وطن واپس آنے کے لیے تیار ی شروع کر دی ،پہلے پارٹی کو پنجاب میں جلسہ منعقد کرانے کی بھی ہدایت سابق صدر وطن واپس آنے کے لیے متعدد بار خواہش کا اظہار کر چکے، تاہم انہیں پارٹی کی جانب سے نہ آنے کا مشورہ دیا گیا ہے، ذرائع

پیر 24 جولائی 2017 22:46

نواز شریف کی پانامہ کیس میں عدالت عظمیٰ سے ممکنہ نااہلی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی پانامہ کیس میں عدالت عظمیٰ سے ممکنہ نااہلی کی صورت میں سابق صدر پرویز مشرف نے وطن واپس آنے کے لیے تیار ی شروع کر دی ہے ۔آمد سے پہلے پارٹی کو پنجاب میں جلسہ منعقد کرانے کی بھی ہدایت کر دی ،کسانوں ،محنت کشوں ،مزدوروں میں پیغام پہنچانے کا انتظام کیا جائے ۔

انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے پارٹی رہنمائوں کو ایک پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف کی عدالت عظمیٰ سے نااہلی ہو گئی تو وہ جلد ملک میں واپس آجائیں گے ،انہوں نے ہدایت کی کہ انکی وطن واپسی سے پہلے پنجاب میں ایک شاندار عوامی جلسہ منعقد کیا جائے جس میں مزدور،کسان،محنت کش،ریڑھی بان سمیت دیگر غریب افراد کو سپیشل جلسہ میں شرکت کی دعوت دی جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پارٹی نے پنجاب میں جلسہ کے لیے فیصل آباد کے شہر کو منتخب کیا ہے اور اس سلسلہ میں پنجاب بھر کے کارکنان اور رہنمائوں کو تیاریوں کا حکم بھی دیدیا گیا ہے ۔سابق صدر پرویز مشرف نے بارہ اگست کو ہونے والے جلسہ میں ٹیلی فونک خطاب کے لیے بھی تمام تر انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے پارٹی عہداروں کو ہدایت کی ہے کہ 12اگست کو ہونے والے جلسہ کو کامیاب بنایا جائے اور رفتہ رفتہ چاروں صوبوں میں جلسوںکے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا جائے گا،پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر وطن واپس آنے کے لیے متعدد بار خواہش کا اظہار کر چکے ہیں تاہم انہیں پارٹی کی جانب سے نہ آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔۔۔ظفر ملک