پیپلز پارٹی اپنے کاموں اور کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 24 جولائی 2017 22:23

پیپلز پارٹی اپنے کاموں اور کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے کاموں اور کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی کی حلف برداری کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔

وزیر اعلی سندھ نے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار کے خلاف پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ قائد حزب اختلاف ایوان میں الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان نہیں کر سکے حالانکہ وہ یہاں پر قرار داد بھی منظور کر وا چکے ہیں ۔ شاید وہ آج بھول گئے ہیں ۔ سعید غنی نے اپنی تقریر میں اپنے دل کی بھڑاس نکالی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کون سی منطق ہے کہ جس حلقے میں الیکشن ہو ، وہاں کی بجٹ میں منظور شدہ اسکیموں پر کام نہ ہو ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق ضرور ہے لیکن میری نظر میں یہ مناسب نہیں کہ تین مہینے الیکشن کی مہم جاری رہے اور تین مہینے تک کام رکا رہے ۔ یہ غلط ہے ۔ یہ ضرور ہونا چاہئے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی نئی اسکیم کا اجراء نہ ہو ۔ حلقہ 114 کی انتخابی مہم تقریباً پونے دو مہینے تک جاری رہی لیکن میں نے قدم نہیں رکھا اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد میں سعید غنی کو مبارکباد دینے کے لیے گھر گیا ہوں ۔

ہم اے ڈی پی میں رکھے ہوئے کام ضرور کریں گے اور اس کام کی بنیاد پر ہم 2018 ء کے انتخابات بھی جیتیں گے ۔ 2002 اور 2008 ء اس حلقے سے منتخب ارکان وزراء رہے ۔ انہوں نے ترقیاتی کام کیوں نہیں کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کراچی کی بات کرتے ہیں تو تکلیف ہو رہی ہے ۔ ہم حزب اختلاف سے کہتے ہیں کہ وہ کراچی شہر میں جائیں اور ووٹ لیں ۔ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔

114 کے ضمنی انتخاب میں پہلے مبارک باد دی گئی اور پھر 36 گھنٹے کے بعد دھاندلی کا شور شرابہ کیا گیا ۔ یہ کس کے کہنے پر ہوا ۔ شاید لندن سے یہ ہدایت ملی ہو ۔ انہوں نے ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہیں اور سے ہدایت لینا چھوڑ دیں ۔ ہم سیاسی لوگوں سے بات کریں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے 9 منتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی کو ان کی کامیابی پر مبارک باد بھی پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :