ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے ،سو فیصد نہیں تو80سے 90فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے‘ رانا ثنا اللہ

پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی کڑیاں سرحد کی دوسری طرف ملتی ہیں،دہشتگرد نام تبدیل کرتے رہتے ہیں‘ وزیر قانون کی میڈیا سے گفتگو

پیر 24 جولائی 2017 23:11

ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے ،سو فیصد نہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے ، اگردہشتگردی کے خلاف سو فیصد نہیں تو80سے 90فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے ،پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی کڑیاں سرحد کی دوسری طرف ملتی ہیں ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ایسے حالات میں خطرات موجود رہتے ہیں جس کیلئے سکیورٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن ضرب عضب میں جو کام ہوا اس میں پاک فوج ،رینجرز ، سی ٹی ڈی ، پولیس ،سول اور عسکری انٹیلی جنس ایجنسیز نے بھرپور کام کیا ۔

(جاری ہے)

2009-10ء اور اس کے بعد کی صورتحال سب کے سامنے ہے لیکن اب پورے سال میں اکا دُکا ہی واقعہ ہوتا ہے ، اگر دہشتگردی کے خلاف 100فیصد نہیں تو 80سے 90فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد نام تبدیل کرتے رہتے ہیں،یہی دہشتگردی کبھی جماعت الاحرار ، کبھی لشکری جھنگوی ، کبھی طالبان اور کبھی داعش بن جاتے ہیں ۔

دہشتگردی کی کڑیاں سرحد کی دوسری طرف ملتی ہیں اور ان عناصر کو دشمن قوتوں کی سرپرستی اور معاونت حاصل ہے ۔ گلشن اقبال پارک اور مال روڈ پر ہونے والے دھماکوں کو دیکھا جائے دشمن عناصر کو مقامی کوئی سہولت کار نہیں ملا اوران کا تعلق باہر سے تعلق تھا ۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس کے پیچھے چھپے ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔