وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس

سرکاری منصوبوں کیلئے زمین کے حصول اور مالکان کو معا وضے کی ادائیگی کا فول پروف طریق کار وضع کرنے کی ہدایت سول کوارٹرز میں فلیٹس کی تعمیر کیلئے زمین کا مسئلہ بھی بروقت حل کرنے اور فلیٹس کی تعمیر پر جلد کام شروع کرنے کاحکم دیدیا

پیر 24 جولائی 2017 22:15

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے سرکاری منصوبوں کیلئے زمین کے حصول اور مالکان کو معا وضے کی ادائیگی کا فول پروف طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے جو قانونی تقاضوں کے مطابق اور صوبہ بھر میں قابل عمل ہو۔ انہوں نے سول کوارٹرز میں فلیٹس کی تعمیر کیلئے زمین کا مسئلہ بھی بروقت حل کرنے اور فلیٹس کی تعمیر پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کے دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کر رہے تھے ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون ، صوبائی وزیرقلندر لودھی، چیف سیکرٹری عابد سعید، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر پشاور، ایڈینشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ریاض محسود اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی اجلاس کو صوبے میں سرکاری منصوبوں کے لئے زمین کے بر وقت حصول میں درپیش رکاوٹوں اور زمین کی قدروقیمت کے تعین کے طریق کار اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اس سلسلے میں قانونی پہلووں سمیت اس وقت موجود نافذالعمل طریق کار اوسط یک سالہ اور اسکے تناظر میں عوامی تحفظات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاوزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ زمین کی قدروقیمت کے تعین کیلئے قابل عمل تجویز دیں جس سے نہ صرف سرکاری منصوبوں کیلئے زمین کا بروقت اور آسان حصول ممکن ہو سکے بلکہ مالکان کو انصاف پر مبنی معاوضے کی ادائیگی بھی یقینی ہوانہوں نے کہا کہ سرکاری سکیموں کے نفاذ کے لئے دیرپا حکمت عملی کی ضرورت ہے کیونکہ زیا د ہ تر وقت زمین کے حصول جیسے مسائل میں صرف ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انکی حکومت وقت کے ضیاع کی متحمل نہیں ہو سکتی اس سے منصوبے تاخیر کا شکار ہوتے ہیں اسکی وجہ سے نہ صرف منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے بلکہ زمین مالکان بھی متاثر ہوتے ہیں۔ ایک شفاف طریق کار کے ذریعہ سے ہی سرکاری منصوبوں کے لئے زمین کا آسان حصول ممکن ہے اور اس طریقے سے زمین مالکان کو معقول ادائیگی کی جا سکتی ہے تاکہ انہیں مجموعی عمل میں کسی قسم کی نا انصافی کاخدشہ نہ رہے۔

انہوں نے وقت اور وسائل ضائع کئے بغیرحکومت کی عوامی مفاد میں سکیموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کو سول کوارٹرز میں رہائشی فلیٹس کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سول کوارٹرز میں دوسرے مرحلے کے تحت 128فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے تاہم اس مقصد کے لئے ابھی تک سائٹ مکمل کلیئر نہیں ہے کیونکہ بعض لوگوں کی طرف سے زمین کی ملکیت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جو تعمیری کام میں رکاوٹ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اراضی کی نشاندہی اور حد بندی کریں اور فلیٹس کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے بلا تاخیر کام شروع کریں۔وزیر اعلیٰ نے نشتر آباد ہائی رائز پلازوں اور فلیٹس پر کام کی پیش رفت بھی طلب کی جس پر بتایا گیا کہ تمام بنگلے خالی کرا لئے گئے ہیں مجموعی رقبہ 36.5کنال ہے جس پر مجوزہ پلان کے مطابق کمرشل پلازہ تعمیر کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :