سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم (پاکستان) کی خواتین کارکنان کے خلاف منظم مہم بد اخلاقی ہے ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار

سوشل میڈیا پر بے ہیودہ قسم کی مہم نہ تو کارکنان اور خواتین کے حوصلے پست کرسکتی ہے اور نہ ہی انہیں دبائو کے ذریعے گمراہ کیاجاسکتا ہے

پیر 24 جولائی 2017 22:15

سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم (پاکستان) کی خواتین کارکنان کے خلاف منظم مہم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم (پاکستان) کے عارضی مرکز واقع بہادرآباد میں سوشل میڈیا ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکین رابطہ کمیٹی سید امین الحق، عبدالوسیم، گلفراز خان خٹک، ہیرسوہو، عبدالقادرخانزادہ، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ایم کیو ایم (پاکستان) سوشل میڈیا ٹیم کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیںلیکن سوشل میڈیا کو کسی بھی سیاسی جماعت کی خواتین کی کردار کشی کے لئے استعمال کرنا سراسر ابد اخلاقی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم (پاکستان) کی خواتین کارکنان کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے اور ایک مخصوص حکم کے بعد ایم کیو ایم (پاکستان) سے وابستہ ذمہ داران و کارکنان کی تصاویر جمع کرکے ان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزمات لکھ کر سوشل میڈیا میں پھیلا کر ذمہ داران و کارکنان کی کردار کشی کی جارہی ہے بلکہ انہیں ہراساں بھی کیاجارہا ہے۔

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کی کے کارکنان اور خواتین نے تنظیمی جدوجہد میں کئی کٹھن اور مشکل اور نامساعد حالات کا سامنا کیا ہے اور سوشل میڈیا پر بے ہیودہ قسم کی مہم نہ تو کارکنان اور خواتین کے حوصلے پست کرسکتی ہے اور نہ ہی انہیں دبائو کے ذریعے گمراہ کیاجاسکتا ہے ۔